ممبئی: شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان سے متعلق ڈرگس معاملہ میں ہر روز نئے انکشافات ہو رہے ہیں اور این سی بی کی ساکھ داؤ پر لگ گئی ہے۔ اے ابی پی نیوز نے اس معاملہ میں سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی جاسوس کے پی گوساوی اور اس کے ساتھی این سی بی کے نام پر وصولی کا کھیل چلا رہے تھے۔ اے بی پی نیوز نے واٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر یہ انکشاف کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس معاملہ میں مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی لیڈر نواب ملک نے روز اول سے این سی بی کے طریقہ کار پر سوال اٹھائے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ این سی بی نے ڈرگس معاملہ کی جانچ سمیر وانکھیڈے کے ہاتھ سے لے کر دوسری ٹیم کو سونپ دی ہے۔ نیز سمیر وانکھیڈے کے خلاف تفتیش کے بھی احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
اے بی پی نیوز نے این سی بی کے دو اہم گواہوں کے درمیان واٹس ایپ پر ہونے والی چیٹ کو عام کیا ہے۔ یہ گواہ کے پی گوساوی اور پربھاکر سیل ہیں۔ کے پی گوساوی سب سے پہلے شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کے ساتھ ایک سیلفی میں نظر آیا تھا۔ گوساوی خود کو پرائیویٹ ڈیٹیکٹیو قرار دیتا تھا، لیکن آج وہ جعل سازی اور دھوکہ دہی کے معاملہ میں خود ہی سلاخوں کے پیچھے ہے۔ واٹس ایپ چیٹ میں جس پربھاکر سیل کا ذکر ہے وہ این سی بی کا دوسرا گواہ ہے اور کے پی گوساوی کا ڈرائیور بھی رہ چکا ہے۔
واٹس ایپ چیٹ میں کے پی گوساوی پربھاکر سیل سے کہہ رہا ہے کہ ’’حاجی علی چلے جاؤ اور وہ کام پورا کرو جو میں نے تمہیں بتایا تھا۔ وہاں سے گھر واپس آ جانا۔ باہر سے تالا بند کر دینا اور چابی کو کھڑی سے ہال میں پھینک دینا۔ جلدی جاؤ اور جلدی واپس آؤ۔‘‘