کرناٹک اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کے دوران وزیر اعلیٰ کماراسوامی ناکام ہو گئے ہیں۔ جس کے بعد کماراسوامی کی قیادت والی کانگریس-جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت گر گئی ہے۔
کرناٹک کی جے ڈی ایس-کانگریس مخلوط حکومت کے حق میں 99 ووٹ ڈالے گئے جبکہ اس کی مخالفت میں 105 ووٹ پڑے۔ واضح رہے کہ تحریک اعتماد آج کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کی طرف سے پیش کی گئی تھی۔
BS Yeddyurappa & other Karnataka BJP MLAs show victory sign in the Assembly, after HD Kumaraswamy led Congress-JD(S) coalition government loses trust vote. pic.twitter.com/hmkGHL151z
— ANI (@ANI) July 23, 2019
اسمبلی اسپیکر نے کانگریس کے 12 باغی ارکان اسمبلی کو منگل کے روز 11 بجے حاضر ہونے کے لئے سمن کیا تھا لیکن انہوں نے نجی وجوہات کا حوالہ دے کر بنگلورو آنے سے معذرت کی اور ملاقات کے لئے چار ہفتوں کا وقت طلب کیا۔
دو آزاد امیدواروں آر شنکر اور ایچ گنیش نے 8 جولائی کو وزیر کے عہدے سے استعفی دیتے ہوئے مخلوط حکومت سے حمایت واپس لے لی اور بی جے پی کے خیمہ میں شامل ہو گئے۔ اس کے بعد بی جے پی اتحاد کے پاس 107 ارکار ہو گئے ہیں جن میں سے اس کے اپنے 105 ارکان اسمبلی ہیں۔
کماراسوامی کی حکومت گر جانے کے بعد بی جے پی کے خیمہ میں خوشی کی لہر نظر آئی۔ اسمبلی کے باہر بی جے پی کارکنان نے جشن منایا۔ ادھر ایوان میں سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے لیڈر بی ایس یدی یورپا وکٹری سائن (جیت کا نشان) دکھاتے نظر آئے۔ ان کے ساتھ بی جے پی کے تمام ارکان اسمبلی موجود تھے۔
اس سے پہلے کماراسوامی کی قیادت والی مخلوط حکومت کے اعتماد کو ثابت کرنے کے لئے اسمبلی کی کارروائی منگلی کی شام تک جاری رہی۔ ایوان میں تحریک اعتماد پر طویل بحث ہوئی۔ بحث کے بعد فلور ٹیسٹ ہوا جس میں مخلوط حکومت ناکام رہی۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے 18 جولائی کو اپنی تحریک اعتماد پر جواب دیا تھا۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
