روہتاس: جنم اشٹمی کے موقع پر اکثر والدین اپنے بچوں کو بھگوان کرشن کے روپ میں سجاتے ہیں۔ اسی طرح روہتاس ضلع کے بھاگیرتھ گاؤں کے رہنے والے وملیش یادو نے بھی اپنے چھ سالہ بیٹے آرین یادو کو کرشن کے روپ میں سجایا تھا۔ لیکن خوشی کا یہ موقع اس وقت غم میں بدل گیا، جب گلے میں پہنائی گئی مالا کا ایک دانہ آرین کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔
اطلاعات کے مطابق آرین کو پیلے رنگ کے کپڑے پہنا کر کرشن کا روپ دیا گیا تھا اور اس کے گلے میں موتیوں کی مالا پہنائی گئی تھی۔ اپنے اکلوتے بیٹے کو کرشن کے لباس میں دیکھ کر خاندان میں خوشی کا ماحول تھا اور جنم اشٹمی کی تیاریاں زوروں پر تھیں۔
اسی دوران آرین نے گلے میں پہنی ہوئی مالا کا ایک دانہ نگل لیا۔ دانہ نگلتے ہی اس کی طبیعت بگڑنے لگی۔ اہلِ خانہ نے گھبرا کر اسے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال پہنچایا، جہاں اس کا علاج شروع کیا گیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ مالا کا دانہ سانس کی نالی میں پھنس گیا تھا، جس کے باعث آرین کو سانس لینے میں شدید دشواری پیش آئی۔ اسپتال میں علاج کے دوران ہی اس کی موت ہوگئی۔
خاندان کو امید تھی کہ علاج کے بعد آرین کی طبیعت سنبھل جائے گی، لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ جنم اشٹمی کے موقع پر کرشن کا روپ دھارنے والے ننھے آرین کی اچانک موت سے پورے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
سب سے زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ چھ سالہ آرین اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ ایک چھوٹی سی مالا کا ایک دانہ اس معصوم بچے کے لیے موت کا سبب بن گیا۔