کانگریس کے ’نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ‘ مہم کو ریاست بھر میں زبردست پذیرائی
مختلف شعبوں کے ماہرین کو پارٹی کے نظریے اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے موقع فراہم کیا جائے گا
ممبئی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے شروع کی گئی ’نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ‘ مہم کو مہاراشٹر بھر میں زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ اس مہم کے تحت ریاست کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں، جس کے بعد منتخب امیدواروں کے انٹرویوز کا مرحلہ شروع کیا گیا۔ پارٹی کے مطابق اس مہم کا مقصد مختلف شعبوں سے باصلاحیت افراد کو کانگریس کے نظریے، آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے پارٹی کے ساتھ جوڑنا ہے۔
کانگریس کی اس مہم کے تحت پارٹی کے ترجمان، میڈیا پینلسٹ، ریسرچ کوآرڈینیٹر اور پبلسٹی کوآرڈینیٹر جیسے اہم عہدوں کے لیے باصلاحیت افراد کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد کو سیاسی و سماجی میدان میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں اس ٹیلنٹ ہنٹ مہم کے ذریعے ایسے افراد کو پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے جو پارٹی کے ساتھ مل کر جمہوریت، آئینی اقدار اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ مہاراشٹر کے کوکن ڈویژن سے بھی اس مہم کے لیے خاصا جوش دیکھنے میں آیا اور یہاں سے تقریباً 80 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ اس مہم کے پہلے مرحلے میں فروری کے دوران آن لائن درخواستیں وصول کی گئیں۔ بعد میں ان درخواستوں کی جانچ پڑتال کی گئی اور اہل امیدواروں کو انٹرویو کے لیے طلب کیا گیا۔ ریاست کے تمام ڈویژنوں میں انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا جہاں پارٹی کے سینئر لیڈروں، تجربہ کار صحافیوں اور مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے امیدواروں کے انٹرویوز لیے۔ انٹرویوز کے بعد منتخب امیدواروں کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
کوکن ڈویژن کے امیدواروں کے انٹرویوز ممبئی میں کانگریس کے ریاستی ہیڈکوارٹر تلک بھون میں منعقد ہوئے۔ اس موقع پر کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر نسیم خان، سابق رکن اسمبلی مظفر حسین، مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جنرل سکریٹری شردھا ٹھاکر، سینئر صحافی ونود راؤت، کانگریس کے میڈیا کوآرڈینیٹر سرینواس بیکّڈ اور نامدیَو چوہان سمیت دیگر افراد موجود تھے۔
پارٹی رہنماؤں کے مطابق اس مہم کے ذریعے نہ صرف نوجوان اور باصلاحیت افراد کو سیاسی عمل میں شامل ہونے کا موقع ملے گا بلکہ کانگریس کے نظریات کو مضبوطی سے عوام تک پہنچانے میں بھی مدد ملے گی۔ کانگریس قیادت نے امید ظاہر کی کہ اس ٹیلنٹ ہنٹ مہم کے ذریعے مستقبل میں پارٹی کو ایسے باصلاحیت اور باخبر ترجمان اور کارکن ملیں گے جو میڈیا اور عوامی سطح پر پارٹی کے موقف کو مؤثر انداز میں پیش کر سکیں گے۔
MPCC Urdu News 08 March 26.docx