ممبئی: مہاراشٹرمیں حکومت بنانے کولے کرالزام اورجوابی الزام کا دورشروع ہوگیا ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سینئرلیڈراجیت پوارنے منگل کو کہا کہ جب تک کانگریس سے حمایت ملنے کا خط نہیں ملتا، تب تک ہم این سی پی کچھ نہیں کرسکتے ہیں۔
کل ہم نے پورے دن ان کا انتظارکیا، لیکن کانگریس کی طرف سے کوئی خط نہیں آیا۔اجیت پوارنے کہا کہ آج ہمارے درمیان تبادلہ خیال ہوگا، اگرکچھ حل نکلا توہم انہیں (شیوسینا) کوفون کریں گے۔
اجیت پوارنے کہا کہ پیرکواحمد پٹیل کا فون آیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ میٹنگ کے لئے بیٹھنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد شرد پوارنے کہا کہ آج وہ نہیں آسکتے ہیں۔ آج ان کی میٹنگ ہے، ساتھ ہی این سی پی لیڈرنے کہا کہ کانگریس کے لیڈراب تک ممبئی نہیں آئے ہیں۔ گورنرنے سبھی اراکین اسمبلی کا صحیح دستخط مانگا ہے، جو آج ہوتا ہوا نظرنہیں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ہی فیصلہ لینا ہے۔
ہماری وجہ سے نہیں ہوئی تاخیر
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اجیت پوارنے کہا کہ یہ بالکل غلط ہے کہ ہماری وجہ سے شیوسینا کو حمایت دینے میں تاخیرہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے (این سی پی- کانگریس) ساتھ ساتھ الیکشن لڑا ہے، اس لئے ساتھ ہی فیصلہ لینا تھا۔ پیرکوہم نے صبح 10 بجے سے شام 7:30 بجے تک کانگریس کا انتظارکیا، لیکن ان کا خط نہیں آیا۔ اجیت پوارنے کہا کہ اگر حمایت میں کانگریس نہیں ہوگی توحکومت میں استحکام نہیں ہوگی۔ پہلے انہوں نے کہا کہ صبح خط ملے گا، پھرکہا شام 4:30 بجے آئے گا، پھرکہا کہ ابھی تاخیرہے، ایسے میں ہم نے انتظارکیا، لیکن ان کا خط نہیں آیا ہے۔