نئی دہلی:مشہور میوزک ویڈیو ’کانٹا لگا‘ سے راتوں رات اسٹار بننے والی شیفالی جریوالا اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔ شیفالی کا 42 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، جمعے کی صبح اچانک انہیں سینے میں درد کی شکایت ہوئی، جس کے بعد فوراً انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ ممبئی کے اندھیری لوکھنڈوالا علاقے کا ہے، جہاں شیفالی اپنے شوہر پراگ تیاگی کے ساتھ رہتی تھیں۔ بتایا جارہا ہے کہ تقریباً صبح 11 بجے ان کی طبیعت خراب ہوئی، جس کے بعد پراگ انہیں قریب کے بیلیو اسپتال لے گئے۔ اسپتال پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے شیفالی کو ’ڈیڈ آن ارائیول‘ قرار دے دیا۔
سینئر فلم صحافی وکی لالوانی نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں شیفالی کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ مزید معلومات کے لیے انہوں نے اسپتال کے سینئر ڈاکٹر وجے للو سے رابطہ کیا، لیکن انہوں نے کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا۔ وہیں اسپتال کے ایک اور ڈاکٹر، ڈاکٹر سوشانت نے اداکارہ کی موت کی تصدیق کی ہے۔ شفاعلی کی لاش کو اب کوپر اسپتال بھیج دیا گیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کی کارروائی جاری ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ شیفالی جریوالا کی پیدائش گجرات کے احمدآباد میں ہوئی تھی۔ وہ سال 2002 میں آئے ’کانٹا لگا‘ گانے کے ریمکس ویڈیو سے گھر گھر میں مشہور ہوگئی تھیں۔ اس گانے کی مقبولیت کے بعد لوگ انہیں ’کانٹا لگا گرل‘ کے نام سے جاننے لگے تھے۔ حالانکہ اس وقت اس گانے کو لے کر کچھ تنازع بھی ہوئے تھے، لیکن شیفالی کو خوب پہچان ملی۔ انھوں نے بگ باس 14 میں بطور کنٹیسٹنٹ حصہ لے کر بھی خاصی مقبولیت حاصل کی تھی۔ انکے کے انتقال کی خبر سن کر مداحوں اور انڈسٹری میں غم کی لہر ہے۔ سوشل میڈیا پر سیلیبریٹیز اور مداح انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔