کالو ڈیم تھانے ضلع کے لیے آبی بحران کا حل نائب وزیر اعلیٰ ایکن اتھ شندے کی ہدایت: زمین کے حصول اور باز آبادکاری میں تیزی لائی جائے

کالو ڈیم تھانے ضلع کے لیے آبی بحران کا حل
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ہدایت: زمین کے حصول اور باز آبادکاری میں تیزی لائی جائے

تھانے (آفتاب شیخ)
کالو ڈیم منصوبہ تھانے ضلع سمیت ممبئی میٹروپولیٹن علاقہ کے کئی شہروں میں پانی کی قلت کا مؤثر حل فراہم کرے گا، لہٰذا اس کے لیے زمین کے حصول اور باز آبادکاری کے عمل کو فوری طور پر تیز کیا جائے۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے آپسی تال میل قائم رکھا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں دیں جس میں آبی وسائل کے وزیر گریش مہاجن، نائب وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اسیم گپتا، محکمہ آبی وسائل کے ایڈیشنل چیف سکریٹری دیپک کپور، محکمہ جنگلات کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ملند مہیسکر، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر سکریٹری سنجے بیلسارے، ضلع کلکٹر اشوک شنگارے اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ پالگھر ضلع کلکٹر اور جنگلات کے افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔

نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کالو ڈیم منصوبے کی منظوری کئی سال قبل دی جا چکی ہے، تاہم زمین کے حصول اور متاثرہ دیہاتوں کی باز آبادکاری میں سستی قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی زمینوں کے حصول کے ساتھ ساتھ جنگلاتی زمین کی منتقلی کے لیے متبادل شجرکاری کی بھی جلد از جلد تکمیل ضروری ہے۔

پالگھر ضلع کے کلکٹر کو ہدایت دی گئی کہ پیر تک وہ ضلع میں ایسی زمین کی معلومات فراہم کریں جہاں متبادل شجرکاری ممکن ہو۔ اسی طرح تھانے کے ضلع کلکٹر کو زمین کے حصول سے متعلق تمام متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان رابطہ اور تعاون کو مؤثر بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ شندے نے واضح کیا کہ کلیان-ڈومبیولی، الہاس نگر، امبرناتھ، بدلا پور، بھیونڈی اور بھیونڈی دیہی علاقوں میں پانی کی شدید قلت کو ختم کرنے کے لیے کالو ڈیم منصوبہ نہایت اہم ہے اور اسے مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنا ریاستی حکومت کی ترجیح ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading