کابل ایئرپورٹ پر علی الصبح راکٹ حملے، طالبان سربراہ ملا ہبت اللہ ’بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے‘

کابل ایئرپورٹ پر پیر کی صبح راکٹ حملوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ افغان طالبان کے امیر ملا ہبت اللہ اخونزادہ قندھار پہنچ گئے ہیں اور طالبان کے مطابق وہ بہت جلد ہی عوام کے سامنے آئیں گے۔

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو سوموار کی صبح کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے راکٹ حملے کے متعلق بریفنگ دی گئی ہے اور انھیں بتایا گیا ہے کہ اس حملے سے ہوائی اڈے پر آپریشن میں خلل نہیں پڑا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان اور چیف آف سٹاف رون کلین نے صدر بائیڈن کو کابل کے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر راکٹ حملے کے متعلق بریفنگ دی۔‘

اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز کو امریکی حکام نے بتایا تھا کہ اس حملے میں کم از کم پانچ راکٹ ایئرپورٹ پر داغے گئے تھے لیکن ایئرپورٹ کے خودکار میزائل دفاع نظام نے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔