ڈومبیولی کے تین شہریوں کی شہادت پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اہل خانہ سے اظہار تعزیت
تعلیم اور روزگار میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی، حکومت کا وعدہ

ڈومبیولی (آفتاب شیخ)
ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور کلیان لوک سبھا حلقہ کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شری کانت شندے نے آج ڈومبیولی کے ان شہریوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی، جو جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ ان میں ہیمنت جوشی، سنجے لیلے اور اتل مونے شامل ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے شہداء کے لواحقین سے واقعے کی تفصیلات معلوم کرتے ہوئے ان کے غم میں شریک ہونے کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے بچوں کی تعلیم اور روزگار کے سلسلے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت حملے کے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور انصاف دلانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
اس موقع پر کلیان-ڈومبیولی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شری کانت شندے، ایم ایل اے ڈاکٹر بالاجی کنیکر، ایم ایل اے راجیش مورے، کلیان کے ضلع صدر گوپال لانڈگے، سابق کارپوریٹر مہیش پاٹل سمیت شیوسینا کے متعدد سرکردہ عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے۔