ڈومبیولی میں یوم صحافت کا انعقاد: صحافت کی خدمات کا اعتراف
نو منتخب ایم ایل اے اور معززین کی شرکت
تھانے (آفتاب شیخ)
پریس ایسوسی ایشن کلیان ڈومبیولی اور سینئر صحافی باپو ویدیا کی جانب سے ڈومبیولی کے مشہور پھڈکے گنپتی مندر ہال میں یوم صحافت کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد صحافیوں کی خدمات کو سراہنا اور بالشاستری جامبیکر کو یاد کرنا تھا۔
پروگرام کی صدارت تھانے ضلع پترکار سنگھ کے صدر اور سینئر صحافی سنجے پیتلے نے کی، جبکہ کلیان دیہی کے نو منتخب ایم ایل اے راجیش مورے، شیوسینا کے سابق کارپوریٹر مہیش پاٹل، کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کی پبلک ریلیشن آفیسر مادھوی پوفلے اور ڈومبیولی وارڈ آفیسر ہیما مبارکر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں کلیان پریس کلب کے صدر وشنو کمار، ڈسٹرکٹ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر سنجے پتلے، جرنلسٹس اسوسی ایشن کی سیکریٹری ساریکا شندے، پریس ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سکریٹری کشور پگارے اور ڈومبیولی پریس ایسوسی ایشن خازن سونل پوار کے علاوہ علاقے کے دیگر معزز صحافی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سینئر صحافی شرد شاہانے، مہادیو پنجابی، فوٹوگرافر اودھوت ساونت، اور پرشانت جوشی سمیت کئی صحافیوں کو ان کی نمایاں خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا۔
کشور پگارے نے پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ سینئر صحافیوں نے صحافت کے کردار، اہمیت اور محنت پر روشنی ڈالی۔ اس تقریب میں ڈومبیولی اور آس پاس کے علاقوں سے بڑی تعداد میں صحافیوں اور معززین نے شرکت کی، جس نے یوم صحافت کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔