لندن ، 06 ستمبر (یو این آئی ) چار مرتبہ کے اولمپک چمپیئن برطانیہ کے محمد فرح اور خواتین کے مقابلوں میں ہالینڈ کی سیفان حسن نے ایک گھنٹہ کی دوڑ میں سب سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کا عالمی ریکارڈز اپنے نام کرلئے۔ فرح نے یہ کارنامہ ڈائمنڈ لیگ میں انجام دیا۔ 2007 میں ہیلے گیبریلسی نے ایک گھنٹہ میں 21 ہزار 285 میٹر کا فاصلہ طے کیا تھا ۔ فرح نے 21 ہزار 330 میٹر کے ساتھ یہ ریکارڈ اپنے نام کیا ۔
فرح نے ریو اولمپکس کے بعد روڈ رننگ شروع کردی تھی لیکن وہ ٹوکیو اولمپکس میں 10،000 میٹر دوڑ میں حصہ لینے کے لئے ٹریک پر واپس آئے ہیں ۔ وہ اکتوبر کے بعد پہلی بار کسی ایوینٹ میں حصہ لے رہے تھے۔بیلجیئم کے عبدی بشیر 21 ہزار 322 میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ بشیر نے کچھ دیر کے لئے برتری حاصل رکھی لیکن آخر میں فرح فاتح رہے۔ خواتین کے مقابلوں میں بھی ہالینڈ کی سیفان حسن نے ایک گھنٹے میں سب سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے 18 ہزار 930 میٹر کے ساتھ 2008 میں ڈائر ٹیون کا بنایا ہوا 18 ہزار 517 میٹر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ مردوں کی 1500 میٹر ریس میں ناروے کے جیکب انجیبریٹسن فاتح رہے۔ پول والٹ ایونٹ میں سویڈن کے ارمند ڈوپلینٹس فاتح رہے۔
انہوں نے 6 میٹر کی بلندی کے ساتھ ایونٹ کا ریکارڈ قائم کیا۔کینیا کی پیریز زپچیرچیر نے ہفتے کے روز پیراگوئے میں خواتین کی ہاف میراتھن دوڑ میں عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ 26 سالہ پیریز نے 1 گھنٹہ 5 منٹ 34 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے ایتھوپیا کے نیٹسیٹ گڈیٹا کا ریکارڈ توڑ دیا ، جو انہوں نے ورلڈ ہاف میراتھن چمپئن شپ 2018 میں ایک گھنٹہ ، چھ منٹ اور 11 سیکنڈ کے ساتھ بنایا تھا۔