چین میں تیز آندھیوں کا الرٹ: ’50 کلو سے کم وزن والے افراد کو ہوا اڑا لے جا سکتی ہے‘

ملازمین جلدی گھر چلے جائیں، تعلیمی عمل معطل ہے، کھلی جگہ ہونے والی تقاریب منسوخ کر دی گئی ہیں اور یہ سب اس لیے ہو رہا ہے کیونکہ شمالی چین میں سنیچر اور اتوار کو ایسی شدید ہوائیں چل سکتی ہیں جو انسان تک کو اپنے ساتھ اڑا لے جا سکتی ہیں۔

چین میں حکام نے لاکھوں لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی تاکید کی ہے جبکہ کچھ سرکاری ذرائع ابلاغ نے متنبہ کیا ہے کہ ان ہواؤں میں 50 کلوگرام سے کم وزن والے لوگ باآسانی ’ہوا میں اڑا سکتے ہیں۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ منگولیا سے جنوب مشرق کی طرف بڑھنے والے ایک سرد بھنور کی وجہ سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں بیجنگ، تیانجن اور ہیبی کے علاقے کے دیگر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لیں گی۔

یہی وجہ ہے کہ ایک دہائی میں پہلی بار، بیجنگ نے آندھی کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے جو کہ چار درجہ موسمی انتباہی سسٹم میں دوسرا سب سے خطرناک درجہ ہے۔

سال کے اس وقت منگولیا کی جانب سے تیز ہوائیں چلنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے لیکن خدشہ ہے کہ اس بار یہ ہوائیں علاقے میں برسوں میں دیکھی جانے والی کسی بھی چیز سے زیادہ تیز ہوں گی۔

حکام نے بتایا کہ سنیچر کو جب تیز ہوائیں آئیں گی تو بیجنگ میں 24 گھنٹوں کے اندر درجہ حرارت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔

بیجنگ کی موسمیاتی سروس نے کہا ہے کہ ’یہ انتہائی تیز ہوائیں ہیں، طویل عرصے تک چلتی ہیں اور وسیع علاقے کو متاثر کرتی ہیں اور یہ انتہائی تباہ کن ہیں۔‘

چین میں ہوا کی رفتار کو جس پیمانے سے ناپا جاتا ہے وہ ایک سے 17 تک جاتا ہے۔ چائنا میٹرولوجیکل ایڈمنسٹریشن کے مطابق 11 سطح کی ہوا ’سنگین نقصان‘ کا باعث بن سکتی ہے، جب کہ 12 سطح کی ہوا ’شدید تباہی‘ لاتی ہے۔ اس ہفتے کے آخر میں ہواؤں کی سطح 11 سے 13 تک متوقع ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading