چھ سال بعد تھانے ورشا میراتھن کا شاندار انعقاد 31 ویں سالانہ د وڑ 10 اگست کو، 25 ہزار رنرز کی شرکت متوقع

چھ سال بعد تھانے ورشا میراتھن کا شاندار انعقاد

31 ویں سالانہ دوڑ 10 اگست کو، 25 ہزار رنرز کی شرکت متوقع

تھانے (آفتاب شیخ)

تھانے میونسپل کی 31 ویں سالانہ ورشا میراتھن اتوار، 10 اگست کو منعقد کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے جمعرات کو کیا۔ چھ سال کے طویل وقفے کے بعد ہونے والی یہ دوڑ شہریوں، کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے لیے ایک خوش آئند موقع ہے۔ آخری مرتبہ یہ میراتھن 2019 میں منعقد ہوئی تھی۔

کمشنر راؤ نے کہا کہ چونکہ شہر کے انفرااسٹرکچر میں گزشتہ چند برسوں میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں، اس لیے تمام متعلقہ محکموں کو مکمل تال میل کے ساتھ اس میراتھن کے کامیاب انعقاد کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے تمام میونسپل افسران کو ہدایت دی کہ وہ میراتھن میں شرکت کریں اور تیاریوں کا آغاز فوری طور پر کریں۔

تھانے میونسپل کارپوریشن اور تھانے ڈسٹرکٹ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ہونے والی اس میراتھن میں انعامات، ٹرافیاں اور میڈلز کی شکل میں مجموعی طور پر 10 لاکھ 38 ہزار 900 روپے دیے جائیں گے۔ ہر گروپ کے فاتح کو ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا، جب کہ ہر گروپ کے ابتدائی 10 رنرز کو انعامات اور ٹرافیاں پیش کی جائیں گی۔

31 ویں سالانہ تھانے ورشا میراتھن میں مجموعی طور پر 12 گروپس رکھے گئے ہیں:

ریاستی سطح:

  • کھلا گروپ (مرد و خواتین) – 21 کلومیٹر
  • 18 سال سے زائد عمر (مرد و خواتین) – 10 کلومیٹر
  • 18 سال سے کم عمر (لڑکے و لڑکیاں) – 10 کلومیٹر

ضلعی سطح:

  • 15 سال سے کم عمر (لڑکے و لڑکیاں) – 5 کلومیٹر
  • 12 سال سے کم عمر (لڑکے و لڑکیاں) – 3 کلومیٹر
  • بزرگ شہری (مرد و خواتین) – 500 میٹر

کارپوریٹ گروپ:
سابق عوامی نمائندوں، افسران، اور میونسپل ملازمین کے لیے خصوصی کارپوریٹ گروپ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے لیے 1 کلومیٹر کی دوڑ رکھی گئی ہے۔

2019 میں ہونے والی میراتھن میں تقریباً 23 ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔ اس بار 25 ہزار سے زائد رنرز کی شرکت متوقع ہے۔ ڈپٹی کمشنر (کھیل) منل پالنڈے نے بتایا کہ طلباء، اسپورٹس کلب، اسکولز اور مختلف اداروں کے نمائندے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

رجسٹریشن کا عمل اگلے ہفتے سے شروع ہوگا۔ میراتھن کے مختلف گروپوں، راستوں اور وقت کی تفصیلات مرحلہ وار جاری کی جائیں گی۔ پالنڈے نے کہا کہ تمام تیاریوں کو وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading