’چلو گھر کی اور‘ مہم چلا کر ممبئی میں مہاجر مزدوروں کو مشتعل کرنے والا ونئے دُوبے گرفتار

ممبئی میں منگل کو ہزاروں مہاجر مزدوروں کو جمع ہونے کے لیے اکسانے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ شخص لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے مہم چلا رہا تھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ لاک ڈاؤن-2 کے اعلان کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ممبئی کے باندرا اسٹیشن پر ہزاروں کی تعداد میں مہاجر مزدور جمع ہو گئے جنھیں بمشکل سمجھا کر واپس بھیجا گیا۔ ان مزدوروں کو امید تھی کہ ان کےل یے خصوصی ٹرین روانہ ہونے والی ہے۔ حالات بے قابو ہونے کے دہانے پر پہنچ گئے تھے، جس کے بعد پولس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا تھا اور گھنٹے بھر میں ہی ان مزدوروں کو ان کے ٹھکانوں پر واپس بھیج دیا گیا۔ ممبئی پولس نے اس سلسلے میں ونے دوبے نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔


ونے دوبے کو نوی ممبئی پولس نے حراست میں لے کر ممبئی پولس کو سونپ دیا۔ لاک ڈاؤن کے درمیان ونے دوبے پر بھیڑ کو گمراہ کرنے کا الزام ہے۔ جانکاری کے مطابق ونے دوبے ‘چلو گھر کی اور’ مہم چلا رہا تھا۔ اس نے اپنے فیس بک پر شیئر کیے گئے پوسٹ میں ٹیم کے باندرا میں ہونے کی بات کہی تھی۔ اس معاملے میں پولس نے تقریباً ایک ہزار لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، جب کہ دوبے کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 117، 153 اے، 188، 269، 270، (2)505 اور وبا ایکٹ کی دفعہ 3 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اس درمیان خبر ملی ہے کہ ایک مراٹھی نیوز چینل نے بھی خصوصی ٹرین چلانے کی بات کہی تھی۔ اس چینل نے وزیر اعظم کی تقریر ختم ہونے کے فوراً بعد ایک خبر چلائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مہاجر مزدوروں کے لیے خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ اس خبر کے بعد بڑی تعداد میں مزدور اسٹیشن پر جمع ہو گئے تھے۔

دوسری طرف سینئر صحافی راج دیپ سردیسائی نے بھی ایک سرکاری خط اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ اور سکندرآباد ریل ڈویژن کا ایک خط سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ الگ الگ جگہوں پر پھنسے مہاجر مزدوروں کے لیے جن سادھارن ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ اس کے بعد پھیلی افواہ نے باقی کام کر دیا۔

Here is the note from Secunderabad railway division that became basis for ‘confirmed’ news and heightened the rumour that trains will be starting for stuck migrants.. and then the WhatsApp factory got into overdrive. pic.twitter.com/wd6O4fkZ9Q

— Rajdeep Sardesai (@sardesairajdeep) April 14, 2020

ممبئی میں مزدوروں کے جمع ہونے پر مہاراشٹر حکومت میں وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے ٹوئٹ کر کے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا تھا کہ گجرات میں سورت میں حال میں کچھ مزدوروں نے ہنگامہ کیا تھا، مرکزی حکومت انھیں گھر پہنچانے کو لے کر فیصلہ نہیں لے پائی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading