نئی دہلی، 23 اپریل(یواین آئی) مہاراشٹر، گجرات، مدھیہ پردیش، اور قومی راجدھانی دہلی میں کرونا وائرس (کووڈ۔19) تیزی سے پھیل رہا ہے اور ان چاروں ریاستوں میں اس جان لیوا انفیکشن سے اب تک 12002 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور ان ریاستوں میں مجموعی طور سے 501 لوگوں کی موت ہوچکی ہے.
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کی شام پانچ بجے جاری اعدادوشمار کے مطابق مہاراشٹر میں 269، گجرات میں 103، مدھیہ پردیش میں 81 اور دہلی میں 48 کرونا سے متاثروں کی موت ہوچکی ہے۔پورے ملک میں کرونا سے متاثروں کی تعداد 21700 پہنچ گئی ہے اور اس وبا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 686 ہوگئی ہے۔ اب تک 4325 لوگوں کو صحت مند ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔