پلوامہ:19مارچ ّ ( ایجنسیز) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان پرائیویٹ اسکول پرنسپل رضوان پنڈت کی جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کی حراست میں ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے۔
رضوان پنڈت مبینہ طور پر جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے ساتھ وابستہ تھا اور اسے تین روز قبل ریاستی پولیس نے اپنے گھر سے حراست میں لیکر سری نگر میں واقع کارگو ایس او جی کیمپ منتقل کیا تھا۔ رضوان کو منگل کی صبح مردہ قرار دیا گیا۔اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ کے سابق گیسٹ لیکچرار و پرائیویٹ اسکول پرنسپل رضوان کی پولیس حراست میں ہلاکت سے وادی میں شدید غم وغصے کی لہر پیدا ہوگئی ہے۔ ریاستی پولیس نے رضوان کی پولیس حراست میں موت کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے سے تین دن پہلے رضوان پنڈت، جو ایک پرائیویٹ اسکول کا پرنسپل تھا اور سال گذشتہ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ میں کمسٹری کا گیسٹ لیکچرار تھا، کو کسی ملی ٹنسی کیس میں ملوث ہونے کی پاداش میں گرفتار کیا تھا اور وہ سری نگر میں واقع ایس او جی کے کارگو کیمپ میں بند تھا۔انہوں نے بتایا کہ رضوان اسد کی پیر اور منگل کی درمیانی رات کو موت واقع ہوئی تاہم رضوان کی موت کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ رضوان ایک ٹیوشن سینٹر بھی چلا رہا تھا ور سال گذشتہ بھی اس کو گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں جلد ہی رہا بھی کیا گیا تھا۔ دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رضوان پنڈت ساکن اونتی پورہ جو کسی ملی ٹنسی کیس کے سلسلے میں زیر حراست تھا کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کے سلسلے میں ایک مجسٹریل انکوائری ہورہی ہے اور پولیس نے الگ سطح پر بھی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں تاکہ a واقع ہونے کے وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔