پر بھنی ضلع میں کینسر اسکریننگ مہم کا آغاز — 29 دسمبر تک جاری رہے گی، عوام سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کی اپیل

پر بھنی، 5 دسمبر —(ورق تازہ نیوز)قومی غیر متعدی امراض کنٹرول پروگرام کے تحت ضلع میں کینسر عالمی اسکریننگ مہم کا آغاز 4 دسمبر سے کر دیا گیا ہے، جو 29 دسمبر 2025 تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران شہری، تعلقہ اور دیہی سطح پر چلنے والی موبائل کینسر اسکریننگ وین کے ذریعے شہریوں کی طبی جانچ کی جائے گی اور مشتبہ مریضوں کے بایوپسی نمونے تشخیص کے لیے روانہ کیے جائیں گے۔

4 دسمبر کو ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر ناگش لخمّاور، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر ساریکا بڈے، چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر ڈاکٹر رامیشور روڈگے اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سنتوش شیرشیکر کی موجودگی میں ہری جھنڈی دکھا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔اس سے قبل اپریل اور اگست 2025 میں بھی یہ مہم کامیابی کے ساتھ چلائی گئی تھی، جس میں اپریل 2025 کے دوران 806 مریضوں میں منہ کے کینسر، 1133 میں بریسٹ کینسر اور 1133 میں سروائیکل کینسر کی اسکریننگ کی گئی۔ اگست 2025 کی مہم میں 326 منہ کے کینسر، 539 بریسٹ کینسر اور 525 سروائیکل کینسر کے مریضوں کی جانچ کی گئی۔ مہم کی مؤثر اور کامیاب عمل آوری میں ضلع پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سونالی کامبلے کا تعاون قابلِ ستائش رہا۔
کینسر کی نمایاں علامات میں منہ میں چھالے یا دھبے، زخم دیر سے بھرنا، جبڑا نہ کھلنا، سینے میں گلٹی محسوس ہونا، اخراج، حیض میں بے قاعدگی، کمر درد اور بے تحاشہ تھکاوٹ شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق کینسر کی ابتدائی اسٹیج میں تشخیص علاج کی کامیابی کے امکانات کو کئی گنا بڑھا دیتی ہے۔ علاج میں سرجری، کیموتھراپی اور ریڈی ایشن تھراپی شامل ہوتی ہیں۔ عوام کو تمباکو، گٹکا، بیڑی اور سگریٹ جیسی نقصان دہ عادتوں سے دور رہنے کی سخت تاکید کی گئی ہے۔
مہم کے دوران منہ، بریسٹ اور سروائیکل کینسر کی مکمل اور مفت اسکریننگ کی جائے گی۔ ضلع سرجن ڈاکٹر ناگش لخمّاور نے ضلع کے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس مہم سے فائدہ اٹھائیں اور بروقت تشخیص کے ذریعے اپنی صحت کا تحفظ کریں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading