پرنٹ میڈیا سے سوشل میڈیا تک ”ورق تازہ “ کا سفر

روئدادِ گردشِ ایام کو صفحہ قرطاس پر لکھنا ایک مشکل ترین اور صبر آزما عمل ہے ۔اس عمل کے دوران روئداد گو کو وقفہ وقفہ سے کرب و تکلیف کی آنچ کے چٹکے بھی برداشت کرنے پڑتے ہیں اگر روئداد 30 سالوں کی سرگزشتوں پر مشتمل ہوتو پھر کرب و درد کی شدت تپیش دل برباد کو جھلسا کر رکھ دیتی ہے ۔میں یہ سمجھنے میں حق جانب ہوں کہ اخبار” ورق تازہ“ اور میں ایک ہی سکّے کے دو پہلو ہیں۔ یعنی جب میں ”ورق تازہ “کی روئداد گردشِ ایام لکھتا ہوں تو یہ روئداد خود میری زندگی کی روئداد بن جاتی ہے۔
دیکھ میں گردشِ ایام اُٹھا لایا ہوں
اب بتا کونسے لمحے کو بلاوں واپس؟

اضلاع ناندیڑ اور پربھنی سے علیحدہ علیحدہ ایڈیشن میں شائع ہونے والا روزنامہ ”ورق تازہ“ 30 اپریل 2024 کو اپنے صحافی سفر کے 30 سال مکمل کر رہا ہے ۔یکم مئی 2024 کو 31ویں سال میں قدم رکھ رہا ہے ۔ان 30 سالوں میں ”ورق تازہ “ کئی نشیب و فراز سے گزرا ۔ مالی مشکلات کا سامنا کرنا‘ دشمنوں کی سازشوں کا شکار ہوا لیکن ادارہ ورق تازہ کے قدم کبھی ڈگمگائے نہیں اور وہ پوری آب و تاب کے ساتھ آسمانِ صحافت پر جلوہ گر رہا ۔ادارہ کی پریشانیاں میری ذات پر مسلسل اثر انداز ہوتی رہیں۔مگر ہم نے صبر و تحمل کا دامن کبھی نہیں چھوڑا ۔صحافی سفر جاری رہا۔
ہجوم دہر میں بدلی نہ ہم نے وضئع خِرام
گری کُلاہ ہم اپنے ہی بانکپن میں رہے

ہم اللہ رب العزت کے حضور میں سجدے ریز ہو کر اس کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ ہمارے معزز قارئین کرام قلمی معاونین اخبار کے محسنوں اور کرم فرمائوں کے بے لوث تعاون و اشتراک نے آج ورق تازہ کو ترقی کی ان بلندیوں پر پہنچا دیا جس کا ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ اخبار کو میں نے اور میرے پربھنی و ناندیڑ کے مخلص ہمدرد دوست و احباب نے جس مقصدکے تحت یکم مئی 1994 ءکو پربھنی سے جاری کیاتھاہم آج بھی اس مقصدپرثابت قدمی کے ساتھ قائم ہیں۔ملت اسلامیہ کی فلاح بہبود کے ساتھ ہی ہندوستانی سماج جو مختلف مذہبی اکائیوں‘ نظریات کے حامل طبقات سے مل کر تشکیل پایا ہے‘کی تعمیر و ترقی ہمیشہ ہمارے پیش نظر رہی ہے۔
”ورق تازہ “نے انسانی مثبت قدروں کی ترجمانی کرنے والی تحریر وں‘ مضامین اور اداریوں کو اپنے کالموں میں نمایاں جگہ دی ہے۔

یہ رویہ ہنوز جاری ہے ۔زندگی تغیر و تَبَدّل سے عبارت ہے۔ہر لمحہ زندگی نئی کروٹ بدلتی ہے۔ اور موجودہ جدید ترین سائنس و ٹیکنالوجی کے دور میں تغیر و تَبَدّل کا عمل برق رفتاری سے جاری ہے۔جدید ٹیکنالوجی نے ذرائع ابلا غ عامہ پر زبردست اثر ڈالا ہے۔ صحافت کے معیارات کوایکسربدل کر رکھ دیا ہے۔ سوشل میڈیا پرنٹ میڈیا کے لیے زبردست چیلنج ثابت ہو رہا ہے۔ اس کے باوجود دنیا پرنٹ میڈیا (اخبارات و رسائل وغیرہ) کی اہمیت و افادیت سے انکار نہیں کر رہی ہے ۔

انٹرنیٹ میں سوشل میڈیا کے بے شمار پلیٹ فارموں نے مستقل جگہ بنا لی ہے۔ چنانچہ ہم بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارموں سے استفادہ کرنے پر مجبور ہوئے۔اس طرح ورق تازہ ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں یوں داخل ہو گیا کہ اب ورق ِتازہ کا آن لائن ویب سائٹ (اردو نیوز پورٹل) waraquetaza.com ہے جس پر24 گھنٹے خبریں ‘ویڈیو ‘ مضامین اپلوڈ ہوتے رہتے ہیں۔ ویب سائٹ کے علاوہ ذیل کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ورق تازہ کی خبریں‘ مضامین اور ویڈیو مسلسل اپلوڈ ہوتے رہتے ہیں اور انہیں پڑھا اور دیکھا جا سکتا ہے۔ذیل میں ورق تازہ سوشل میڈیا پیٹ فارموں کی تفصیل دی جا رہی ہے
waraquetaza.com- whatsapp- Teligram, Instagram- Twitter- facebook Page,waraquetaza youtub channel
ادارہ نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم مئی 2024 سے 30 سالہ جشن ورق تازہ“ منایا جائے جو پورے سال تک جاری رہے گا اس دوران ثقافتی ادبی ٗ فلاحی او ررفاعی پروگرام ہوں گے۔
ابتداءیکم مئی 2024 کو مجلس فاتحہ خوانی اور بعد ازیں 30 سالہ جشن ”ورق تازہ“ کے لوگو (Logo)کے اجراء سے ہوگی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اردو عوام ”ورق تازہ “کواپنا تعاون واشتراک ہمیشہ کی طرح جاری رکھیں گے۔
خلوص کار:محمد تقی ٗمدیر اعلی ”ورقِ تازہ“ناندیڑ

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading