وہ بہت ہی کم گو، تمیزدار اور بااخلاق بچہ تھا۔ اس کے مرنے کے بعد ایسے ایسے لوگ اس کے والدین کے پاس آ کر اس کو یاد کر کے رو رہے ہیں جن کو ہم بھی نہیں جانتے۔ اس کا اخلاق ہی اتنا اچھا تھا۔‘
یہ کہنا ہے پاکستان کے فیصل آباد میں تیز دھاری ڈور کی وجہ سے ہلاک ہونے والے 22 سالہ آصف اشفاق کے کزن فرید علی ایڈووکیٹ کا۔ انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چند ہی روز میں عید کے بعد آصف اشفاق کی شادی ہونا تھی۔
فرید علی کے مطابق آصف اشفاق ایک دکان پر سیلزمین کا کام کرتے تھے اور ان کی روزمرہ کی سواری موٹر سائیکل تھی۔ اس روز وہ اپنی والدہ کے ساتھ روزہ افطار کرنے کے لیے گھر کی طرف جا رہے تھے جب افطار کے وقت سے چند منٹ قبل انھیں یہ حادثہ پیش آیا۔
انھوں نے بتایا کہ جس روز آصف اشفاق کو حادثہ پیش آیا وہ اپنی ایک ہمشیرہ کے گھر پر تھے، وہاں لوگوں نے ان سے اصرار کیا کہ وہ وہیں افطار کر لیں لیکن وہ بضد تھے کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ جا کر روزہ افطار کریں گے۔
’وہ اپنی والدہ سے بہت پیار کرتا تھا اور ہر افطار وہ والدہ کے ساتھ ہی گھر پر کرتا تھا۔ اس روز وہ بتا رہا تھا کہ روزے کی وجہ سے اس کا گلہ زیادہ خشک ہو رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ چند روز قبل صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک نوجوان موٹر سائیکل پر سوار اپنے گھر کی طرف جا رہا تھا جب ایک تیز دھاری ڈور نے اس کا گلہ کاٹ دیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ پر سامنے آنے والی اس واقع کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار گلے پر ہاتھ رکھتا ہے اور سڑک پر گر جاتا ہے۔
اس کی گردن سے خون بہنا شروع ہو جاتا ہے۔ فیصل آباد میں فیکٹری ایریا تھانہ کی پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر جب پولیس حادثے کے مقام پر پہنچی تو آصف اشفاق نامی 22 سالہ نوجوان خون بہت زیادہ بہہ چکا تھا۔
پولیس کے مطابق ’انھیں علاج کی غرض سے ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زیادہ زخمی ہونے کی وجہ سے دم توڑ گئے۔‘
آصف اشفاق فیصل آباد کے علاقے ریلوے کالونی سمن آباد کے رہائشی تھے۔ وہ تین بھائیوں اور چار بہنوں میں سب سے چھوٹے تھے۔آصف اشفاق کی موت کی خبر سوشل میڈیا اور اس کے بعد مقامی ذرائع ابلاغ پر سامنے آنے کے بعد پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فیصل آباد انتظامیہ اور پولیس کو 48 گھنٹوں میں اس واقع میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
پیر کے روز وزیرِ اعلیٰ مریم نواز اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے فیصل آباد میں آصف اشفاق کے گھر پہنچ کر ان کے والدین سے تعزیت بھی کی۔
تاہم مسئلہ یہ ہے کہ پتنگ کی ڈور سے ہلاکت کے واقعات میں پولیس کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے کہ وہ اس شخص تک پہنچ پائے جو اس ڈور کا مالک ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس پتنگ بازی پر مکمل پابندی پر زور دیتی ہے۔
کچھ عرصہ قبل بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پنجاب کے سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس مشتاق سکھیرا نے بتایا تھا کہ ’اس کے باوجود پولیس کے لیے صد فیصد یہ گارنٹی دینا کہ بسنت کے موسم میں پتنگ کی ڈور سے کوئی موت نہیں ہو گی بہت مشکل ہوتا ہے۔‘
تو سوال یہ ہے کہ خاص طور پر صوبہ پنجاب میں ’بسنت‘ کے ان دنوں پتنگ کی ڈور سے پیش آنے والے ممکنہ حادثات سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔