"ٹی ایم سی اسپتال ممبرا میں آپریشن میں آٹھ دن تک تاخیر،  سابق کارپوریٹر سید علی اشرف کی مداخلت سے مریض کو ملی راحت”

"ٹی ایم سی اسپتال ممبرا میں آپریشن میں آٹھ دن تک تاخیر،
سابق کارپوریٹر سید علی اشرف کی مداخلت سے مریض کو ملی راحت"

ممبرا (تھانے)، 10 جولائی | (آفتاب شیخ)

ممبرا کے ٹھاکر پاڑہ علاقے کے ایک رہائشی کی ریڑھ کی ہڈی (کمر کے مہرے) کے آپریشن میں گزشتہ آٹھ دنوں سے تاخیر ہو رہی تھی، کیونکہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے تحت چلنے والے مجاہدِ آزادی حکیم اجمل خان ٹی ایم سی اسپتال، ممبرا میں اینستھیزیا دستیاب نہیں تھا۔

یہ تشویشناک معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب متاثرہ خاندان کی جانب سے نصف شب کو مدد کی اپیل کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی سید علی اشرف عرف بھائی صاحب، سابق کارپوریٹر – تھانے میونسپل کارپوریشن، اگلی صبح خود اسپتال پہنچے، صورتِ حال کا جائزہ لیا اور اسپتال انتظامیہ سے بات کرکے فوری طور پر اینستھیزیا فراہم کروایا۔ ان کی کوششوں کے نتیجے میں اسی دن مریض کا کامیاب آپریشن عمل میں آیا۔

عیاں ہوں کہ سید علی اشرف (بھائی صاحب) گزشتہ تین دہائیوں سے ممبرا میں سماجی خدمت کے میدان میں سرگرم ہیں۔ آپ مہاراشٹر حکومت کے اقل ترین اجرت مشاورتی بورڈ کے سابق صدر رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سابق مرکزی وزیر طارق انور کی سماجی تنظیم آل انڈیا قومی تنظیم کے مہاراشٹر پردیش نائب صدر بھی ہیں، اور راشٹروادی کانگریس پارٹی (شردچندر پوار گروپ) کے ریاستی جنرل سیکریٹری کی ذمہ داری بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔

اسپتال کے معائنہ کے دوران انہوں نے دیگر مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور اسپتال میں موجود بنیادی سہولیات کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا:
"سرکاری اسپتالوں میں بنیادی علاج کی سہولت کا نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ علاج میں تاخیر، انسانیت کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے — اور اب ایسی لاپروائی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔"

انہوں نے یقین دلایا کہ اس معاملے کو اعلیٰ سطح پر حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی مریض کو اس قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading