ٹرمپ کی چٹکی بجاتے ہی ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی: اگر جارحیت دہرائی گئی تو فیصلہ کن جواب دینے سے نہیں ہچکچائیں گے، ایرانی وزیرِ خارجہ

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ اگر ایران کے خلاف جارحیت دہرائی گئی تو ایسا جواب دیا جائے گا جسے چھپانا ممکن نہ ہو گا۔سوموار کی رات اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران کو بخوبی معلوم ہے کہ حالیہ امریکی-اسرائیلی جارحیت کے دوران ہمیں اور ہمارے مخالفین کو کتنا نقصان ہوا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کو ان نقصانات کا بھی علم ہے جنھیں اب تک چھپایا جا رہا ہے۔

عراقچی کا کہنا ہے، ’اگر جارحیت دہرائی گئی، تو ہم زیادہ فیصلہ کن انداز میں اور ایسا ردعمل دینے سے نہیں ہچکچائیں گے جس کو چھپانا بھی ممکن نہ ہو گا۔‘خیال رہے کہ اس سے چند گھنٹے قبل امریکی صدر نے سکاٹ لینڈ میں برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کی جانب سے اچھے اشارے نہیں مل رہے اور اگر ایران نے دوبارہ جوہری صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کی تو وہ ’بخوشی‘ ایران پر دوبارہ حملہ کر دیں گے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا، ’وہ بہت برے سگنل بھیج رہے ہیں، بہت گندے سگنل۔ اور انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے… ہم نے ان کی جوہری صلاحیت کو تباہ کر دیا۔ وہ دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔ اگر انھوں ایسا کیا تو ہم انھیں چٹکی بجانے سے بھی کم وقت میں تباہ کر دیں گے۔‘

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ’بخوشی‘ ایسا حملہ کریں گے۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایک ایسا ملک کے لیے جسے حال ہی میں تباہی کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہ بہت برے سگنل بھیج رہے ہیں۔’انھیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ وہ ایسی چیزوں کے بارے میں باتیں کر رہے ہیں جن کے بارے میں انھیں بات نہیں کرنی چاہیے۔‘

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading