وزیر اعلیٰ سمردھی پنچایت راج ابھیان کے تحت تھانے میں ورکشاپ ک ا انعقاد دیہی ترقی، عوامی شراکت اور اختراعی منصوبوں پر زور

وزیر اعلیٰ سمردھی پنچایت راج ابھیان کے تحت تھانے میں ورکشاپ کا انعقاد

دیہی ترقی، عوامی شراکت اور اختراعی منصوبوں پر زور

تھانے (آفتاب شیخ) –

وزیر اعلیٰ سمردھی پنچایت راج ابھیان کے تحت عوامی تحریک کو فروغ دینے کے مقصد سے 3 ستمبر 2025 کو بی جے ہائی اسکول آڈیٹوریم، ٹیمبھی ناکہ تھانے میں ضلعی سطح کی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ میں ضلع پریشد کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں کے نمائندے، افسران اور عہدیداران بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر مہم کے مقاصد، ذمہ داریاں اور عملدرآمد کے طریقۂ کار پر تفصیلی رہنمائی دی گئی۔

ورکشاپ میں گرام پنچایتوں کو پی ایم آواس، پانی کے تحفظ اور آمدنی بڑھانے والے منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ گروپ ڈیولپمنٹ آفیسر اور گرام پنچایت افسر کو پہل کرتے ہوئے گاؤں کے عوام کو اسکیموں کی درست معلومات فراہم کرنی چاہئیں۔ منریگا کے تحت گھرکل، ویٹرنری کلینک اور عوامی اثاثوں کے ریکارڈ کو برقرار رکھنے کی ہدایات دی گئیں، جبکہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس، بانس کی شجرکاری، مارکیٹ ڈیولپمنٹ، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی اسکیموں کو مشن کیا کلپ کے تحت مؤثر انداز میں نافذ کرنے پر زور دیا گیا۔ ضلع پریشد کو سولر لائٹس اور ای لائبریری جیسے اختراعی اقدامات پر بھی پہل کرنے کی تاکید کی گئی۔

ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پنچال نے کہا کہ تمام گرام پنچایتوں کو اس مہم میں سرگرم حصہ لینا چاہئے، جبکہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر روہن گھُوگے نے کہا کہ دیہی ترقی کی اصل طاقت عوامی شراکت میں ہے۔ انہوں نے گرام پنچایتوں سے اپیل کی کہ وہ سوانیدھی، جل سمردھی، گھرکول، ویٹرنری کلینک اور روزی روٹی اسکیموں پر بھرپور عمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گرام پنچایتیں سوامیتو یوجنا، مشن کیا کلپ اور صحت کی بہتری کے ساتھ اختراعی سرگرمیوں کو اپنائیں گی تو یہ مہم ایک کامیاب تحریک بنے گی۔

ورکشاپ میں اچھی حکومت والی پنچایتوں، پانی سے مالا مال اور صاف و سبز گاؤں، منریگا و دیگر اسکیموں کے ساتھ ہم آہنگی، ادارہ جاتی بااختیاری، معاشی ترقی اور سماجی انصاف جیسے موضوعات پر بھی رہنمائی دی گئی۔ گرام پنچایتوں کو خود فنڈنگ اور عوامی شراکت کے ذریعے مالی طور پر بااختیار بنانے، پانی کی فراہمی اور تحفظ، ماحولیاتی بہتری، کھیتوں کے تالاب اور گھرکول کی تعمیر پر خاص زور دیا گیا۔

اس موقع پر کالہیر گرام پنچایت کی سرپنچ اشلیشا پنکج ترے نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ گرام پنچایتیں اس مہم کے تحت اہل قرار پائیں اور کامیابی حاصل کریں۔

ورکشاپ میں پروجیکٹ ڈائریکٹر چھایا دیوی شیسودے، ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر ویبھو کلکرنی، ڈپٹی سی ای او اویناش پھڈترے، پرمود کالے، چیف اکاؤنٹس اینڈ فائنانس آفیسر ویجناتھ برادکر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گنگادھر پارگے، ایکزیکٹیو انجینئر (بلڈنگ) پدمکر لہانے، سماجی بہبود کی سربراہ اجولا سپکالے، زرعی ترقیاتی افسر ایم ایم بچوتیکر کے علاوہ بڑی تعداد میں گرام پنچایت افسران، سرپنچ اور گاؤں والے موجود تھے۔

رہنمائی ایکسٹینشن آفیسر (ریٹائرڈ) وکرم چوان اور اندرجیت کالے نے کی، جبکہ شکریہ کی رسم اسسٹنٹ گروپ ڈیولپمنٹ آفیسر پنڈت راٹھوڑ نے ادا کی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading