واٹر پولو ایشین چیمپئن شپ کیمپ کے لیے تھانے کی طالبہ کا انتخاب
راجیو گاندھی میڈیکل کالج کی طالبہ تنوی ملیے بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کے قریب
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کارپوریشن کے راجیو گاندھی میڈیکل کالج اور چھترپتی شیواجی مہاراج ہسپتال، کلوا میں ایم بی بی ایس کے دوسرے سال کی طالبہ تنوی ملیے کو 11ویں واٹر پولو ایشین چیمپئن شپ کیمپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اس کیمپ میں ملک بھر سے منتخب 25 کھلاڑیوں میں سے اکتوبر 2025 میں ہونے والی واٹر پولو ایشین چیمپئن شپ کے لیے ممکنہ ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔
تنوی اس وقت بنگلور میں ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس تربیتی کیمپ میں شریک ہیں۔ وہ 2019 سے مختلف جونیئر اور سینئر کیٹیگریز میں قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں اور سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے جیت چکی ہیں۔ 2023 میں بھونیشور میں منعقدہ انڈر-20 انٹرنیشنل واٹر پولو ٹریننگ کیمپ میں بھی انہیں تربیت حاصل کرنے کا موقع ملا تھا۔
والدین کی حوصلہ افزائی سے تنوی نے کم عمری سے ہی واٹر پولو میں دلچسپی لینا شروع کی اور اپنی محنت کے بل بوتے پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کو برقرار رکھتے ہوئے، انہوں نے NEET امتحان میں کامیابی حاصل کرکے 2023 میں راجیو گاندھی میڈیکل کالج میں داخلہ لیا۔ کالج کے اساتذہ نے بھی انہیں ایم بی بی ایس کے سخت نصاب کے باوجود اپنے کھیل کو جاری رکھنے کے لیے حوصلہ دیا۔
راجیو گاندھی میڈیکل کالج کے ڈین، ڈاکٹر راکیش باروٹ نے کہا کہ یہ کالج کے لیے فخر کی بات ہے کہ ان کے ادارے کی ایک طالبہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کے قریب ہے۔ انہوں نے تنوی کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ تربیتی کیمپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی اور ایشین چیمپئن شپ کے لیے منتخب ہوں گی۔
