نئی دہلی:نیٹ (این ای ای ٹی) یو جی امتحان میں بے ضابطگی اور پیپر لیک کو لے کر اپوزیشن پارٹیاں، خصوصاً کانگریس مودی حکومت کے خلاف زوردار انداز میں آواز اٹھا رہی ہے۔ لگاتار اس امتحان کو رَد کر ری-نیٹ کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ نیٹ کو لے کر بڑھ رہے تنازعہ کے درمیان مختلف ریاستوں میں گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس درمیان ’آج تک‘ میڈیا ادارہ نے ’آپریشن نیٹ‘ کے نام سے ایک خفیہ آپریشن کو انجام دیا ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ نیٹ پیپر کو 700 بچوں کے لیے لیک کرایا گیا تھا۔
’آج تک‘ کا دعویٰ ہے کہ اس کی اسپیشل تحقیقاتی ٹیم نے اس پیپر لیک مافیہ سے جڑے شخص کو تلاش کر لیا ہے جس نے کچھ ماہ قبل پیپر لیک کی پیشین گوئی کی تھی۔ اس کا نام ہے برجیندر گپتا۔ آج تک کی ٹیم نے خفیہ کیمرے پر جب برجیندر گپتا سے بات کی تو صرف نیٹ ہی نہیں، بلکہ دیگر پیپر لیک کو لے کر بھی کئی بڑے انکشافات ہوئے۔ ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق خفیہ کیمرے میں برجیندر گپتا نے قبول کیا کہ نیٹ کا پیپر اس کے پاس امتحان شروع ہونے سے دو گھنٹے پہلے آ گیا تھا۔
اسے نہ تو جیل کا خوف ہے اور نہ ہی کسی کارروائی کا خوف۔’آج تک‘ کا دعویٰ ہے کہ خفیہ کیمرے میں بے خوف ہو کر برجیندر گپتا کہتا ہے کہ ’’جہاں تک جیل کی بات ہے تو آج جیل جائیں گے، کل ضمانت ملے گی اور پرسوں سے پھر وہی کھیل کریں گے۔‘‘ وہ مزید کہتا ہے کہ ’’ہمیں ڈر نہیں لگتا۔ ملک میں کوئی پولیس نہیں ہے جو برجیندر گپتا کو پکڑ کر پیپر لیک کے بارے میں بلاوا بھیجے۔ 5000 ڈنڈا ماریں گے پھر بھی نہیں بلوا پائیں گے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ بجیندر گپتا 2023 اڈیشہ پیپر لیک میں ملزم ہے۔ اس کا نام بہار اور داناپور میں بی پی ایس سی پیپر لیک جانچ میں بھی آیا ہے۔ ایم پی پی سی ایس سمیت کئی پیپر لیک میں شامل رہا ہے۔ اس نے بیدی رام کے ساتھ شروعات کی، جو اب اتر پردیش میں رکن اسمبلی ہے۔ بجیندر گپتا سنجیو مکھیا جیسے اہم کھلاڑیوں کو جانتا ہے، جو نیٹ گھوٹالہ کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ وشال چورسیا سے بھی اس کا رابطہ ہے، جسے حال ہی میں گرفتار کیا گیا ہے۔