ایودھیا :24/ جون ( ایجنسیز)اتر پردیش کے ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کو ابھی 6 ماہ بھی نہیں گزرے ہیں اور پہلی ہی بارش میں مندر کی چھت ٹپکنے لگی ہے۔ رام مندر کے بڑے پجاری آچاریہ ستیندر داس نے اس کی تصدیق کی ہے۔ داس نے کہا کہ رام مندر کی چھت سے پانی ٹپکنے لگا ہے اور باہر احاطہ میں آبی جماؤ ہو گیا ہے۔
جہاں رام للا موجود ہیں، وہاں بھی پانی بھر گیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ مندر کے اندر بھی بارش کا پانی بھر گیا تھا، جو فکر انگیز ہے۔آچاریہ ستیندر داس کا کہنا ہے کہ جو رام مندر تعمیر ہوا ہے، اس میں پانی نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ اس وجہ سے پانی اوپر سے ٹپکنے لگا ہے۔ یہ بہت بڑا مسئلہ ہے، سب سے پہلے اس مسئلہ کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔
اگر جلد اس مسئلہ کا حل نہیں نکلا تو مندر میں دَرشن اور پوجا بند کرنا پڑے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ رام مندر تعمیر ٹرسٹ کو اس بات کی طرف بھی دھیان دینا چاہیے کہ مندروں سے کیوں پانی ٹپک رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ رواں سال 22 جنوری کو ہی رام للا کی پران پرتشٹھا ہوئی تھی۔ حالانکہ اب بھی رام مندر کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔
مندر تعمیر کا کام پورا ہونے کے دعووں کو لے کر انھوں نے کہا کہ اگر ایسا کہا جا رہا ہے کہ مندر کی تعمیر کا کام 2025 میں مکمل ہو جائے گا، تو یہ اچھی بات ہے، لیکن ایسا ناممکن ہے، کیونکہ ابھی بہت کچھ باقی ہے۔