ناندیڑ :(ورق تازہ نیوز)آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سابق ریاستی صدر سید معین اور مراٹھواڑہ صدر فیروز خان لالا کی ہدایت پر آج **پربھاگ نمبر 12 سے نو منتخب کارپوریٹر محمد الطاف حسین اور کارپوریٹر نمائندہ رضوان خان کی قیادت میں،شیخ نظیر شیخ سکندر اور سیف الاویز پر مشتمل ایک وفد نے ناندیڑ۔واگھالا میونسپل کارپوریشن کے کمشنر سے باضابطہ پہلی ملاقات کی۔اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار دویفوڈے کی شال پوشی کی گئی اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے عوام کو درپیش بنیادی شہری مسائل کی جانب ان کی توجہ مبذول کرائی گئی۔
وفد نے بتایا کہ دیگلورناکہ نیلوفر بلڈنگ سے چونا بھٹی تک نالی پر بنے سیلاب (بندھ) ٹوٹ جانے کے باعث گندا پانی سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں جمع ہو رہا ہے، جس سے شدید بدبو، گندگی اور عوامی پریشانی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بالخصوص مسجدوں کی طرف جانے والے نمازیوں کو راستوں پر پھیلے گندے پانی کی وجہ سے شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ اس سنگین مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ صحتِ عامہ کو لاحق خطرات سے بچا جا سکے۔اس کے علاوہ پاکیزہ نگر اور *موسمبی کا ملہ علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت اور صفائی کے ناقص انتظامات کا مسئلہ بھی کمشنر کے سامنے رکھا گیا۔ وفد نے کہا کہ ان علاقوں میں نہ صرف پانی کی کمی ہے بلکہ باقاعدہ صفائی نہ ہونے کے سبب رمضان المبارک سے قبل عوام کو سخت مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
کمشنر ناندیڑ۔واگھالا میونسپل کارپوریشن نے وفد کی باتیں بغور سنیں اور تمام مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ رمضان المبارک سے قبل وارڈ نمبر 12 میں نکاسیِ آب، پانی کی فراہمی اور صفائی سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کرنے کی بھی بات کہی۔وفد نے امید ظاہر کی کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بروقت اقدامات کیے جائیں گے، جس سے عوام کو راحت ملے گی اور رمضان المبارک سے قبل علاقے میں بہتر شہری سہولیات میسر آ سکیں گی۔واضح رہے کہ حالیہ انتخابات میں دیگلور ناکہ اور اطراف کے علاقوں* سے مجلس کے 14 کارپوریٹرز** منتخب ہوئے ہیں۔