ناندیڑ:”ایم آئی ایم “ میں کوآپٹ ممبر کےلئے سرگرمیاں تیز

ناندیڑ:( ورق تازہ نیوز)کارپوریشن انتخابات کے کامیاب انعقاد اور مجلس اتحاد المسلمین کی تاریخی کامیابی کے بعد اب ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں **کوآپٹ (معاون) ممبرکارپوریٹر کے انتخاب کے لیے پارٹی سطح پر سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔حالیہ انتخابات میں مجلس اتحاد المسلمین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارپوریشن کی 14 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور ناندیڑ کارپوریشن میں بی جے پی کے بعد دوسری سب سے بڑی پارٹی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ناندیڑ میں مجلس کی اس بے مثال کامیابی کی گونج پورے مہاراشٹر میں سنائی دے رہی ہے، جس کے بعد پارٹی کارکنان اور حامیوں میں نیا جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ریاست مہاراشٹر میں مجلس اتحاد المسلمین نے تقریباً 125 سے زائد میونسپل کارپوریشنوں میں نشستیں حاصل کی ہیں، جس سے ریاست میں پارٹی کا سیاسی مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔دوسری جانب ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں ”مجلس “کے حق میں آنے والی ایک ”کوآپٹ ممبر“ کی ایک نشست کے لیے پارٹی کے اندر رسہ کشی اور سیاسی سرگرمیاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس نشست کے لیے مجلس کے کئی کارکنان اور عہدیداران کی جانب سے پارٹی قیادت کو بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔قابلِ ذکر ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مجلس نے کانگریس چھوڑ کر پارٹی میں شامل ہونے والے سابق کارپوریٹروں کو ٹکٹ دیے تھے، جس کے باعث مجلس کے کچھ پرانے اور وفادار کارکنان انتخابات میں ٹکٹ سے محروم رہ گئے تھے۔ تاہم اس مرتبہ *کوآپٹ ممبر* کے لیے مجلس کے پرانے، وفادار اور محبانِ مجلس کو موقع دینے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

پارٹی کے اندر یہ آواز بھی سنائی دے رہی ہے کہ جن کارکنان اور عہدیداران نے ابتدا ہی سے ناندیڑ میں مجلس کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، انہی میں سے کسی ایک نام کی سفارش پارٹی کی جانب سے کمشنر کو کی جائے۔وہیں دوسری طرف پارٹی میں حال ہی میں شامل ہونے والے کچھ افراد بھی دوبارہ کوآپٹ ممبر بننے کی خواہش ظاہر کر رہے ہیں، جس کے باعث پارٹی کے اندر سیاسی جوڑ توڑ میں اضافہ ہو گیا ہے۔اب ناندیڑ میں مجلس کے مقامی قائدین سیدسید معین’فیروز خان لالہ اور مجلس کے ریاستی صدرجناب امتیاز جلیل کی جانب سب کی نگاہیں مرکوز ہیں، جن کی ہدایت پر ہی ناندیڑ میں مجلس اپنے کوآپٹ ممبر کے نام کا حتمی اعلان کرے گی۔اگرچہ اس انتخاب میں ابھی وقت باقی ہے، لیکن اس کے باوجود پارٹی میں ابھی سے کوآپٹ ممبر کے عہدے کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز نظر آ رہی ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading