
ناندیڑ۔30جولائی(ورق تازہ نیوز) : کانگریس پارٹی کی جانب سے ملک کے سابق وزیرِ داخلہ و مہاراشٹر کے سابق چیف منسٹر آنجہانی ڈاکٹر شنکر راﺅ چوہان کے یوم پیدائش کے 100 سال مکمل ہونے کے ضمن میں اس سال کے 14جولائی سے آئندہ سال 14جولائی تک صد سالہ جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔ اسی ضمن میں ناندیڑ شہر میں 4اگست کو ایک کل ہند مشاعرہ منعقد کیا جارہا ہے۔

اس کل ہند مشاعرہ میں عالمی شہرت یافتہ شاعر عمران پرتاپ گڑھی‘ منظر بھوپالی‘ راعنا تبسم شرکت فرمائیں گے۔ مشاعرہ کی نظامت معروف رائے بریلوی انجام دیں گے۔ آنجہانی ڈاکٹر شنکر راﺅ چوہان جنہوں نے اُردو میڈیم سے تعلیم حاصل کی تھی انہیں اردو سے بے حد لگاﺅ تھا۔ مہاراشٹر میں انہوں نے چیف منسٹر بنتے ہی اردو اکیڈمی کا قیام 1975ءمیں عمل میں لایا تھا۔ ڈاکٹر شنکر راﺅ چوہان کو ملک بھر میں اردو دوست قائد کے طور پر جانا جاتا تھا۔ اُن کی صد سالہ جینتی تقاریب کے ضمن میں ناندیڑ میں 4اگست بروز اتوار کو کل ہند مشاعرہ شام 7 بجے بمقام عید گاہ سے قریب میدان دیگلور ناکہ ناندیڑ میںرکھا گیا ہے۔

جس کی تیاریاں بڑے پیمانے پر شروع کردی گئی ہے۔ اس مشاعرہ میں سابق چیف منسٹر اشوک چوہان کے علاوہ کانگریس کے مقامی قائدین اور اقلیتی قائدین ریاست بھر سے شرکت کرنے والے ہیں۔ اس پروگرام کا انعقاد ناندیڑ ضلع کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کی جانب سے کیا جارہا ہے۔
