ناندیڑ :22۔جنوری۔(ورق تازہ نیوز ) ان دنوں ناندیڑ شہر میں ریاستی ادبی کانفرنس اور آل انڈیا مشاعرہ کی گہما گہمی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ ادب اسلامی مہاراشٹرا کی جانب سے ۱۵ ویں ریاستی ادبی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جس میں 26 و 27 جنوری کو مختلف پروگرامس لئے جائنگے۔
*بچوں کا مشاعرہ*
پرائمری اور ہائی اسکول کے بچوں میں مشاعروں کی روایات اور ادبی ثقافتی سرمایہ سے دلچسپی پیدا کرنے کی غرض سے بچوں کا تمثیلی مشاعرہ منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں بچے مشہور شعراء کی طرز پر مشاعرہ پیش کریں گے، ہر اسکول سے دو طلبہ اور طالبات اس میں حصہ لے سکتے ہیں۔ تمثیلی مشاعرے کے ذمہ دار سید یونس سر (مدرس فیض العلوم۔ہائی اسکول، ناندیڑ) رہیں گے۔ اور یہ انوکھا مشاعرہ 26 جنوری 2019ء کو انور گارڈن، دیگلور ناکہ پر رات 7:00 بجے تا 8:30 بجے منعقد کیا جائے گا۔اور نمایاں کارکردگی انجام۔دینے والے طلبہ کو مناسب انعام اور سند سے نوازا جائے گا۔والدین اور اساتذہ ضرور شرکت کریں خواتین اور طالبات کیلئے پردہ کا نظم رکھا گیا ہے۔ خواہشمند حضرات یونس سر سے اس نمبر پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔ 90281 26394
*آل انڈیا مشاعرہ:*
ادب کا بہترین ذوق رکھنے والے افراد کیلئے آل انڈیا مشاعرہ کا انعقاد کیا جارہا ہے ان شاء اللہ اس مشاعرے سے عوام میں ادبی اور شعری ذوق پیدا ہوگا۔مشاعرہ کی صدارت ڈاکٹر تابش مہدی صاحب دہلی اورنظامت جناب ریاض تنہاؔ صاحب، نظام آباد کریں گے اسکے علاوہ مہمان شعراء میں جناب شمسؔ جالنوی،جناب اسلم غازیؔ جناب فاروق شکیلؔ حیدر آباد ،جناب جاوید ندیمؔ ،پنویل ممبئی، جناب ظفرؔ فاروقی حیدر آباد، جباب سلیم محی الدین، پربھنی، جناب حسنین عاقبؔ پوسد ،جناب مقبول احمد مقبولؔ اودگیر، جناب متینؔ اچل پوری، جناب ابو نبیلؔ حیدرآباد جناب شفیع احمد شفیعؔ پربھنی، جناب بشیر راہیؔ جالنہ، جناب زین العابدین عابدؔ لاتور، جناب عبد المنان عظیمؔ دیگلور، جناب ظہیر الدین جوشؔ لاتور شریک رہیں گے اسکے علاوہ مقامی شعراء میں جناب یونس فہمیؔ، جناب فہیمؔ احمد صدیقی جناب غفار راہیؔ، جناب محمود علی سحرؔ، جناب علیم اسرارؔ صاحب نے شرکت سے اتفاق ظاہر کیا ہے۔
مشاعرہ 26جنوری کو رات 8:30 بجے سے انور گارڈن، دیگلور ناکہ، ناندیڑ میں رہیگا۔ مشاعرہ میں خواتین کیلئے پردہ کا نظم کیا گیا ہے۔
*ریاستی ادبی کانفرنس:*
دوسرے دن 27جنوری 2019ء بروز اتوار کو صبح 10:30 سے شام 5:00 بجے تک آفس جماعت اسلامی نئی آبادی ناندیڑ پر ادبی کانفرنس مرکزی موضوع ” ادب کی زندگی اور زندگی کا ادب” اس عنوان کے تحت رکھی گئی ہے۔ جس میں دو اہم سیشن میں مقالہ خوانی اور افسانہ خوانی ہوگی اور ان پر تبصرہ نگار تبصرہ فرمائیں گے۔ مقالہ خوانی ڈاکٹر یونس فہمی صاحب ناندیڑ، جناب خواجہ سمیع الدین ابونبیل صاحب، ڈاکٹر ابو بکر عباد صاحب، دہلی، پیش کریں گے اس سیشن کی صدارت مشہور ناول نگار جناب ڈاکٹر سلیم خان صاحب ممبی کریں گے۔
سہ پہر کے سیشن میں جناب حمیداللہ خان پربھنی ، ایم مبین بھیونڈی، ڈاکٹر عظیم راہی صاحب اپنے افسانوں کی خواندگی کریں گے اور ان پر تبصرہ ہوگا۔ اس سیشن کی صدارت جناب نورالحسنین اورنگ آبادی، کریں گے۔اسکے علاوہ نثر اور نظم میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ادیب و شاعر کو ریاستی سطح کے اعزازت سے نوازا جائے گا نیز اسناد پیش کئے جائیں گے۔ نئی کتابوں کا اجراء کیا جائے گا۔ اوراس پروگرام میں اردو سے گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کرنے والے طلبہ و طالبات شریک ہوسکتے ہیں۔ شرکاء کے قیام اور طعام کا نظم کیا جارہا ہے۔ اس کانفرنس میں مندوب کی حیثیت سے شریک ہونے والے افراد سے گزارش ہیکہ وہ رضوان خان صاحب (رکن جماعت ناندیڑ) سے رابطہ قائم کریں ان کا موبائیل نمبر 9975505997 ہے۔ طالبات و خواتین کیلئے پردہ کا نظم رہیگا۔
واضح رہے کہ اس پروگرام کے مجلس استقبالیہ میں ناندیڑ کے ڈاکٹر یونس فہمی صاحب، فہیم احمد صدیقی صاحپ، عبدالغفار راہیؔ صاحب، محمد عندالجلیل صاحب، عبدالمنان عظیمؔ صاحب، علیم اسرارؔ صاحب، ایڈوکیٹ بہاؤالدین صاحب، کمال الدین صدیقی ساجدؔ صاحب، جناب محمد تقی صاحب (ایڈیٹر روزنامہ ورق تازہ)، محمود علی سحر صاحب اور خورشید احمد صاحب شامل ہیں
امید کی جاسکتی ہیکہ ناندیڑ میں منعقد کی جانے والی یہ ادبی کانفرنس شعور کی سطح کو بلند کرنے طلبہ و طالبات میں ادبی روایات کو پروان چڑھانے اور ادبی محاذ کو مضبوط توانا اور مستحکم کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔