ناندیڑ، 17 فروری(ورق تازہ نیوز) مہاراشٹر پولس کے تحت ناندیڑ پولیس سپرنٹنڈنٹ آفس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاگیہ نگر علاقے میں پیش آئے جبری چوری کے ایک مقدمہ کو محض 12 گھنٹوں کے اندر حل کرلیا اور ملزم سے 65 ہزار روپے مالیت کا سو فیصد مسروقہ مال برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن بھاگیہ نگر میں جرم نمبر 87/2026 زیر دفعہ 309(4) بی این ایس کے تحت 13 فروری 2026 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
واقعہ کے بعد جرائم کی روک تھام اور چوری و ڈکیتی کے معاملات کو فوری حل کرنے کے احکامات کی روشنی میں پولیس نے تیزی سے تفتیش شروع کی۔خفیہ اطلاع کی بنیاد پر جرائم تلاش دستہ نے ایکتانگر علاقہ کے رہنے والے ملزم انیل راما جادھو (عمر 24 سال، پیشہ مزدوری) کو مالیگاو¿ں ہاندگا روڈ سے حراست میں لیا۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے نرہر نگر میں ایک خاتون کے گلے سے اس وقت منگل سوتر چھین لیا تھا جب وہ گھر کے سامنے پھول توڑ رہی تھیں۔پولیس نے ملزم کے قبضہ سے تقریباً پانچ گرام سونے پر مشتمل منگل سوتر اور دیگر زیورات، جن کی مجموعی مالیت 65 ہزار روپے بتائی گئی ہے، مکمل طور پر برآمد کرلیے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ اس کامیاب آپریشن پر اعلیٰ افسران نے متعلقہ ٹیم کی ستائش کی ہے اور ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔