ناندیڑ: ہوائی اڈہ پولیس نے لاپتہ کمسن لڑکے کو تلاش کر کے والدین کے حوالے کیا

ناندیڑ، 17 فروری : (ورق تازہ نیوز) پولیس سپرنٹنڈنٹ آفس ناندیڑ کی ہدایت پر ہوائی اڈہ پولیس اسٹیشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناراض ہو کر گھر سے چلے جانے والے ایک کمسن لڑکے کو محض 12 گھنٹوں کے اندر تلاش کر کے بحفاظت اس کے والدین کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق 15 فروری 2026 کو دوپہر تقریباً 2:30 بجے امبیڈکر نگر، ناندیڑ سے ایک نابالغ لڑکا لاپتہ ہوگیا تھا۔

اس سلسلے میں 16 فروری کو شام 6:44 بجے پولیس اسٹیشن ہوائی اڈہ میں جرم نمبر 41/2026 زیر دفعہ 137(2) بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ شکایت لڑکے کے والد (ساکن تعلقہ عمری، ضلع ناندیڑ) نے درج کرائی تھی۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار کی جانب سے ”آپریشن مسکان 14“ کے تحت لاپتہ بچوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی تھی۔ اسی تناظر میں پولیس انسپکٹر رامداس شینڈگے، سب انسپکٹر ساجد حسین اور دیگر اہلکاروں نے تفتیش کا آغاز کیا۔

تحقیقات کے دوران 17 فروری 2026 کو لڑکا مدکھیڑ علاقے میں مل گیا۔ پولیس تحویل میں لینے کے بعد جب اس کا بیان والد کی موجودگی میں قلمبند کیا گیا تو اس نے بتایا کہ وہ ناراضگی کی حالت میں نارنگلے ہاسٹل، امبیڈکر نگر، ناندیڑ سے خود ہی چلا گیا تھا اور کسی کے خلاف اسے کوئی شکایت نہیں ہے۔بعد ازاں پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لڑکے کو بحفاظت اس کے والدین کے حوالے کر دیا۔ اس کامیاب کارروائی پر پولیس سپرنٹنڈنٹ نے متعلقہ افسران و اہلکاروں کی ستائش کی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading