ناندیڑ میں کانگریس ختم ہوچکی ہے، مجبوری میں ونچت کے ساتھ اتحاد کیا: ڈاکٹر عرشیہ کوثر

ناندیڑ۔ ۱۳؍ نومبر (پریس ریلیز):ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی سابق کارپوریٹر اور خواتین و اطفال بہبود کمیٹی کی سابق چیئرپرسن و راشٹروادی کانگریس پارٹی قندھار کی آبزرور ڈاکٹر عرشیہ کوثر نے حال ہی میں کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی کے درمیان ہوئے اتحاد پر سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس جو کبھی ناندیڑ ضلع میں ایک مضبوط اور اثر رکھنے والی پارٹی سمجھی جاتی تھی آج اپنی سیاسی زمین کھو چکی ہے۔

ایک وقت تھا جب کانگریس ناندیڑ کا گڑھ کہلاتی تھی ، ضلع کی سیاست پر اس پارٹی کا دبدبہ اور اثر ہوتا تھا لیکن آج وہ اس حد تک کمزور ہوچکی ہے کہ اسے ایسی پارٹی سے اتحاد کرنا پڑا جس کا نہ کوئی رکن اسمبلی ہے، نہ پارلیمنٹ میں نمائندہ، اور نہ ہی پالیکا میں کوئی سیٹ۔ڈاکٹر عرشیہ نے مزید کہا کہ عوام کانگریس کے عوامی نمائندوں سے مایوس ہوچکے ہیں خاص طور پر گزشتہ سیلاب کے دوران عوام کو جن اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا اس سے کانگریس کی مقبولیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے ونچیت بہوجن آگھاڑی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی ونچت بہوجن آگھاڑی ہے جو گزشتہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پر تنقید کرتی رہی اور آج اسی پارٹی کے ساتھ کانگریس مجبوری میں اتحاد کر رہی ہے۔ یہ دونوں پارٹیاں اپنی کمزوری اور زوال کی وجہ سے ایک دوسرے کا سہارا بننے پر مجبور ہیں۔جب ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ آپ کی پارٹی این سی پی ، اجیت پوار گروپ تو خود بی جے پی اتحاد میں ہے، تو اس پر ڈاکٹرعرشیہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی نے یہ اتحاد ترقی، امن اور یکجہتی کے مقصد سے کی ہے۔ اجیت پوار صاحب ہر سماج کو ساتھ لے کر چلنے کے حامی ہیں۔

مہاراشٹر میں پہلی مرتبہ یونانی گورنمنٹ کالج بننے جا رہا ہے، پانچ اردو گھر تعمیر ہو رہے ہیں، اور اقلیتی برادری کے لیے عملی اقدامات ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج لاکھوں خواتین لاڈلی بہن یوجنا سے فائدہ اٹھا رہی ہیں جو خواتین کے لیے خود اعتمادی اور سہارا بن رہی ہے۔ اجیت پوار صاحب نے عوامی فلاح کے لیے جو کام کیے ہیں وہ کانگریس کے دورِ حکومت میں کبھی نظر نہیں آئے۔ناندیڑ کے رکن پارلیمنٹ رویندر چوہان کے بارے میں ڈاکٹر عرشیہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ خاموش مزاج رہے ہیں، نہ پہلے بولے نہ اب۔ اتحاد کے اس دور میں بھی ان کی خاموشی قابلِ غور ہے۔

آخر میں ڈاکٹر ارشیہ کوثر نے کہا کہ کانگریس آج اپنی شناخت بچانے کے لیے دوسری پارٹیوں کے سہارے پر ہے لیکن عوام سب سمجھ رہی ہے اور آنے والے وقت میں اس کا جواب ضرور دے گی۔اس پریس کانفرنس میں این سی پی شہر نائب صدر و سابق کارپوریٹر محمد صابر چائوش، سابق کارپوریٹر محمد حبیب مولانا، عامر لالہ، ایڈوکیٹ علی آریان موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading