ناندیڑ، 17 مئی: (ورق تازہ نیوز)ریجنل موسمیاتی مرکز ممبئی نے آج 17 مئی 2025 کو دوپہر 1 بجے جاری کی گئی اطلاع کے مطابق، ناندیڑ ضلع کے لیے 17، 18، 20 اور 21 مئی 2025 کو "ییلو الرٹ” جاری کیا ہے۔ ان چار دنوں کے دوران ضلع کے مختلف مقامات پر 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی چلنے، بجلی چمکنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس قدرتی آفت کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں اور عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے:
یہ اقدامات کریں:
اگر پہلے سے بجلی چمکنے اور بارش کی پیش گوئی ہو تو باہر نکلنے سے گریز کریں۔
اگر کھلی جگہ پر ہوں اور قریب میں کوئی محفوظ عمارت نہ ہو تو نشیبی جگہ پر جا کر گھٹنوں میں سر دے کر بیٹھ جائیں۔
بجلی چمک رہی ہو تو فوراً گھر یا کسی محفوظ عمارت میں پناہ لیں۔
گھر کی بالکنی، چھت یا باہر کے برآمدے میں ہرگز نہ رکیں۔
اگر آپ گھر میں ہوں اور برقی آلات چل رہے ہوں تو فوراً بند کر دیں۔
تاروں کی باڑ، بجلی کے کھمبوں اور دیگر لوہے کی اشیاء سے دور رہیں۔
اگر پانی میں کھڑے ہوں تو فوراً باہر نکل آئیں۔
یہ اقدامات نہ کریں:
آسمان میں بجلی چمک رہی ہو تو گھر میں لینڈ لائن فون استعمال نہ کریں۔
شاور کے نیچے نہائیں نہیں۔
گھر کے نل، پانی کی پائپ لائن یا کسی بھی برقی آلے کو ہاتھ نہ لگائیں۔
بجلی چمکنے اور آندھی کے دوران لوہے کے ڈھانچے والے خیمے یا شیڈ میں پناہ نہ لیں۔
اونچے درخت کے نیچے کھڑے نہ ہوں۔
دھات کے اونچے ٹاورز کے قریب ہرگز نہ کھڑے ہوں۔
اگر آپ گھر میں ہوں تو کھلے دروازے یا کھڑکی سے بجلی چمکتے دیکھنے کی کوشش نہ کریں، یہ باہر کھڑے ہونے جتنا ہی خطرناک ہے۔
ضلع انتظامیہ کی جانب سے یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔