ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے حدود میں بینربازی کی دھوم

ناندیڑ:2اپریل (ورق تازہ نیوز) چند دنوں قبل سینا کے قائد و رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی ناندیڑ میں آئے تھے، اُس وقت سینا نے بڑے پیمانے پر بینربازی کی تھی۔ اسی طرح کانگریس نے بھی بینربازی کرکے سیاسی ماحول کو گرمایاتھا۔ تاہم اب ایک بار پھر ” ہم بھی کچھ کم نہیں“ کے مصداق سابق وزیر اعلیٰ و اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس کی ناندیڑ آمد پر بی جے پی نے ہائیکورٹ کے حکم کو نظر انداز کرتے ہوئے بینربازی شروع کی ہے۔ جسے دیکھتے ہوئے یہ بات گردش کررہی ہے کہ سیاسی پارٹیوں کو میونسپل کارپوریشن و ہائی کورٹ کے احکامات کی کوئی پرواہ نہیں رہی۔ گزشتہ کئی دنوں سے شہر میں بینربازی جنگ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔

شہر میں مخصوص بینر زون کے علاوہ دیگر مقامات پر کسی بھی قسم کے بینر لگانے پر سخت پابندی عائدکی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے شہر میں ” نو بینر زون“ کا اعلان کیا، تاہم اس کا سیاسی پارٹیوں پر کوئی اثر دکھائی نہیں دیا۔ قبل ازیں شیو رابطہ مہم کے دوران شیوسینا کے سیکریٹری و رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی شہر میں آنے پر بڑے پیمانے پر بینر بازی کی گئی تھی۔ اس معاملہ میں جب میڈیا نے میونسپل کارپوریشن کی توجہ مبذول کی تب مذکورہ بینر نکالے گئے۔اسی طرح چند دنوں قبل ریاستی وزیر تعمیرات مسٹر اشوک راﺅ چوہان کے چار روزہ ناندیڑ دورہ کے موقع پر برسراقتدار کانگریس پارٹی کے پُرجوش کارکنان نے بینر لگاکر اُن کا استقبال کیا تھا۔ جس پر مسٹر اشوک راﺅ چوہان نے کارکنان کو بغیر اجازت شہر میں بینر بازی کرنے سے منع کیا تھا۔

مذکورہ دونوں ہی پارٹیوں کی جانب سے کی گئی بینر بازی پر بی جے پی نے تنقیدیں کی تھیں۔ تاہم ایک افتتاحی تقریب میں اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس ناندیڑ دورہ پر آرہے ہیں۔ اس موقع پر بی جے پی کے پُرجوش کارکنان نے ” ہم بھی کچھ کم نہیں“کے مصداق بڑے پیمانے پر بینر بازی کی ہے۔بی جے پی کے اس دوہرے رویہ پر ایک طرف تنقید کی جارہی ہے تو دوسری طرف ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے افسران و ملازمین کی سیاسی پارٹیوں کی جانب سے کی جارہی بینر بازی کے تئیں لاچارگی دکھائی دے رہی ہے۔ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کو اس سلسلے میں سخت و ٹھوس اقدام کی ضرورت ہے ۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading