ناندیڑ، 10 جولائی:(ورق تازہ نیوز) قومی غذائی تحفظ قانون 2013 اور حکومتِ مہاراشٹر کے 6 جولائی 2017 اور 2 فروری 2022 کے سرکاری فیصلوں کے مطابق ناندیڑ ضلع میں مختلف وجوہات کی بنا پر خالی ہونے والی اور فی الحال متبادل انتظام کے تحت چلائی جا رہی 122 راشن (راست بھاؤ) دکانوں کے لیے نئے لائسنس جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اہل مقامی اداروں، سیلف ہیلپ بچت گروپس اور کوآپریٹو سوسائٹیوں سے مقررہ فارم میں درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ترجیحی ترتیب کے مطابق لائسنسوں کی منظوری کے لیے گرام پنچایت اور دیگر مقامی خود اختیاری اداروں، رجسٹرڈ سیلف ہیلپ (بچت) گروپس، رجسٹرڈ کوآپریٹو سوسائٹیوں، مہاراشٹر کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ یا سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ اداروں، نیز خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس اور خواتین کی کوآپریٹو سوسائٹیوں کو ترجیح دی جائے گی۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جن راشن دکانوں کے معاملات عدالت یا اعلیٰ دفتر میں اپیل کی صورت میں زیرِ التوا ہیں، انہیں اس عمل میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
صرف وہی خالی دکانیں اس عمل کا حصہ ہوں گی جن کے بارے میں کوئی قانونی رکاوٹ موجود نہیں ہے۔دلچسپی رکھنے والے اور اہل ادارے مقررہ مدت کے اندر متعلقہ تحصیلدار کے دفتر سے رابطہ کرکے اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔ انتظامیہ کے مطابق صرف وہی درخواستیں قابلِ غور ہوں گی جو تحصیلدار کے دفتر کے ذریعے موصول ہوں گی۔
راشن دکانوں کے لائسنس جاری کرنے کی کارروائی ضلع سپلائی افسر، ناندیڑ کی سربراہی میں حکومت کے 6 جولائی 2017 کے سرکاری فیصلے کے تحت تشکیل دی گئی کمیٹی کے ذریعے انجام دی جائے گی۔
تحصیل وار خالی راشن دکانوں کی تعداد درج ذیل ہے:**
حدگاؤں: 19 ناندیڑ: 18* بھوکر: 11* دیگلور: 11* حمایت نگر: 10* دھرم آباد: 10* مدکھیڑ: 7* قندھار: 7* عمری: 6* لوہا: 6* بلولی: 6* مکھیڑ: 3* کنوٹ: 3* اردھاپور: 2* نائیگاؤں: 2* ماہور: 1
ضلع انتظامیہ نے تمام اہل اداروں اور تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔