ناندیڑ:28؍نومبر(حیدرعلی): آج ایک انتہائی دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک تیز رفتار ہائیوا ٹرک نے 4 سالہ بچے کو کچل دیا۔ اس حادثے میں بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے ساتھ موجود دادا شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
واقعہ کی تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ناندیڑ کےجمعہ کی صبح کوٹھا علاقے میں واقع آئی جی آفس (IG Office) کے سامنے پیش آیا۔ 4 سالہ پرنؤ آچاریہ اپنے دادا کے ساتھ پیدل جا رہا تھا کہ اچانک ایک بے قابو اور تیز رفتار ہائیوا ٹرک نے انہیں زور دار ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ معصوم پرنؤ کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ اس کے دادا کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں اور انہیں فوری طور پر علاج کے لیے سرکاری ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
عوامی ردعمل اور کشیدگی اس حادثے کے بعد علاقے میں زبردست کشیدگی پھیل گئی اور مقامی شہری مشتعل ہو گئے۔ غصے میں آئے ہوئے لوگوں نے سڑک سے گزرنے والے ایک دوسرے ہائیوا ٹرک پر پتھراؤ کیا۔ بڑی تعداد میں شہری آئی جی آفس کے احاطے میں جمع ہو گئے تھے۔پولیس کی کارروائی صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے جائے وقوعہ پر اضافی پولیس فورس طلب کی گئی، جس کے بعد حالات کو قابو میں لایا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حادثہ کرنے والے ہائیوا ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔