ناندیڑ شہر سے متصل رحیم پور علاقہ میں فائرنگ، جائیداد کے تنازعہ پر شیخ محمد پر جان لیوا حملہ

ناندیڑ:12نومبر (ورقِ تازہ نیوز) چند دنوں قبل ناندیڑ شہر کے صرافہ علاقہ میں تلوار گینگ کے حملے میں ایک نوجوان کی موت جبکہ دیگر ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اس واقعہ کی گونج ابھی تھم بھی نہ پائی تھی کہ عین دیوالی کے موقع پر شہر سے متصل رحیم پور دودھ ڈیری علاقہ میں جائیداد کے تنازعہ پر دو گروپ میں جان لیوا حملہ ہوا۔

جس میں ہوئی فائرنگ میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ یہ واردات سنیچر کی شب پیش آئی۔ اس معاملہ میں دیہی پولیس نے 6افراد کو حراست میں لیا ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کیے جانے کی کارروائی جاری تھی۔ واضح رہے کہ ناندیڑ شہر میں فائرنگ و لوٹ مار کے کئی معاملات پیش آچکے ہیں۔ دیہی پولیس اسٹیشن کے ساتھ وزیر آباد، شیواجی نگر، بھاگیہ نگر، اتوارہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں بھی جرائم میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

فائرنگ کی وارداتیں اب ناندیڑ میں عام ہوتی جارہی ہیں۔ دیسی پستول، تلوار، خنجر شہر میں چوری چھپے فروخت کیے جارہے ہیں۔ جس کی وجہہ سے جرائم پیشہ افراد اسلحہ کے بل پر بدامنی پھیلارہے ہیں۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوکاٹے نے تمام پولیس اسٹیشنوں کو ہدایت دے کر کومبنگ آپریشن کروایا تھا جس میں بڑے پیمانے پر خنجر و تلواریں ضبط کی گئیں۔

جرائم کو قابو میں کرنے کے لیے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوکاٹے نے تمام پولیس اسٹیشنوں کو ہدایت دی ہے کہ جرائم پیشہ افراد کو تلاش کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دیں۔ جس کے بعد شہر و ضلع میں کئی جرائم پیشہ افراد کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں دو دن قبل وشنوپوری میں ایک مجرم کو پولیس نے حراست میں لیا۔

تاہم ایک طرف پولیس مجرمین کو حراست میں لے رہی ہے تو دوسری طرف شہر و ضلع میں کہیں نہ کہیں جرم کی واردات پیش آرہی ہے۔ چند دنوں قبل صرافہ علاقہ میں تلوار گینگ کے حملہ میں ایک بھائی کا قتل جبکہ دوسرا بھائی شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اس معاملہ کی گونج ابھی تھمنے بھی نہ پائی تھی کہ دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع رحیم پور علاقہ میں جائیداد کے تنازعہ پرفوجی اور شیخ محمد شیخ رفیق کے گروپ کے درمیان جان لیوا حملہ ہونے کی واردات سنیچر کی شب ایک بجے کے قریب پیش آئی۔ اس تنازعہ کے دوران ہوئی فائرنگ میں شیخ محمد کے پاﺅں پر گولی لگنے سے وہ کافی زخمی ہوگیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سب ڈویژنل ولیس آفیسر سشیل کمار نائیک، دیہی پولیس اسٹیشن کے اے پی آئی شری دھر جگتاپ نے جائے واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا۔ اس معاملہ میں دیہی پولیس نے جملہ 6افراد کو حراست میں لیا ہے۔ اتوار کی شام چار بجے تک مقدمہ درج کیے جانے کی کارروائی جاری تھی۔ تحقیقات کے بعد ہی اس معاملہ کی ساری سچائی سامنے آئے گی۔

دریں اثناءاس فائرنگ میں زخمی ہونے والے شیخ محمد کو شہر کے ایک خانگی اسپتال میں شریک کیا گیا ہے۔ اس فائرنگ کو لے کر شہر میں چرچہ کا بازار گرم ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کی واردات پیش آئی۔ اس واقعہ کے بعد رحیم پور علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول پایا جارہا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading