دھنے گاؤں (نمائندہ شیخ بابا ) آج شام اقبال نگر۔ واجے گاؤں علاقے میں پیش آئے ایک دلخراش واقعے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت شیخ الطاف بن شيخ قیوم (عمر تقریباً 28 سال ساکن اقبال نگر دھنے گاؤں) کے طور پر کی گئی ہے۔۔
شیخ الطاف پیشے سے گتہ دار تھے اور مقامی کٹ کیٹ کرکٹ ٹیم کے فعال و مقبول کھلاڑی بھی تھے۔ اطلاع کے مطابق آج شام کے وقت موسم اچانک خراب ہوگیا، گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوئی۔ اس دوران الطاف اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ واجے گاؤں کے قریب موجود تھے۔
تیز بارش کے باعث وہ ایک درخت کے نیچے پناہ لیے ہوئے تھے، اسی دوران آسمانی بجلی درخت پر گری جس کی زد میں آکر شیخ الطاف شدید زخمی ہوگئے
بجلی گرنے کے جھٹکے سے ان کا موبائل فون بھی پھٹ گیا۔ ساتھیوں نے فوراً انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا، مگر ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں فوت قرار دیا۔
اس اندوہناک حادثے سے پورے علاقے میں غم و رنج کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم الطاف اپنی خوش اخلاقی ، مدد گار مزاج اور کرکٹ کے شوق کی وجہ سے علاقے میں کافی محبوب تھے۔ ان کے اچانک انتقال پر اقبال نگر دھنے گاؤں اور واجے گاؤں میں رنج و افسوس کی فضا پائی جارہی ہے۔
عوام کی جانب سے انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قدرتی آفات اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔