ناندیڑ:9نومبر ( ورق تازہ نیوز)ناندیڑ شہر میں سب سے اہم مسئلہ ٹرافک کاہے۔شہر کی آبادی میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ آبادی میں اضافہ ہورہا ہے مگر سڑکوں کی چوڑائی زیادہ نہیں بڑھ رہی ہے ۔ سارا شہر ایک ہی مین روڈ پر واقع ہے ۔ چوک بازارتا ورکشاپ تک مین روڈ ہے جہاںپر روزانہ لاکھوں کی تعدادمیں ہر طرح کی گاڑیاں دوڑتی ہیں۔ لیکن جب بھی تہواروں کے دن آتے ہیں شہر میں ہر جگہ ٹرافک جام کے مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔
دو دنوں سے شہر کے ہنگولی گیٹ انڈربریج تاریلوے اسٹیشن پر ٹرافک جام ہورہا ہے۔ ا ن دنوں دیوالی تہوار منایا جارہا ہے اور آئندہ چند روز میں دیوالی منائی جارہی ہے ایسے میں شہر میں بیرون شہر و دیہاتوں سے لوگ اپنے گھر واپس آرہے ہیں ۔ہنگولی گیٹ علاقہ میںٹراویلس گاڑیوں کے دفاتر ہیں اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹانڈ جانے کےلئے بھی یہی راستہ استعمال کیاجاتا ہے۔ایسے میں یہاں پر روزانہ ٹرافک جام کے مسائل کھڑے ہورہے ہیں ۔ٹرافک پولس کی تعیناتی کے باوجود ٹرافک جام عام بات ہوگئی ہے۔
اس کی سب سے اہم وجہہ شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تعدادمیں اضافہ ہے۔خانگی بسوں کے علاوہ ایس ٹی مہامنڈل کی بسیں بھی اسی روٹ سے شہر میں داخل ہورہی ہیں اسلئے یہاں پرصبح گیارہ بجے سے شام پانچ تک ٹرافک جام کے مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔کھادی گرام ادیوگ کے پاس بھی خانگی (لوکل ) ٹراویلس کھڑی رہتی ہیں جس سے بھی بہت مسائل پیدا ہورہے ہیں
۔یہ گاڑیاںیہاںسے مسافروں کو سوار کرتی ہیں جس کی وجہہ سے یہاں ہروقت مسافروں کا ہجوم رہتا ہے۔ سڑک چھوٹی ہونے سے ایک وقت میں ایک ہی بس یہاں سے گزرسکتی ہے ۔اگر کوئی گاڑی کچھ لمحہ کےلئے بھی سڑک پررُک جاتی ہے تو پھر چند منٹوں میںٹرافک جام لگ جاتا ہے۔جو گھنٹوں تک چلتا رہتا ہے۔
اسلئے تہواروں کے دنوں میں ٹرافک کے مسائل کو حل کرنے کےلئے محکمہ پولس کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ابھی ٹرافک کے مسائل ایک ہی سڑک پر رونما ہورہے ہیں لیکن جیسے جیسے دیوالی قریب آئے گی یہ مسائل وزیر آباد ‘ شیواجی نگر ‘ آئی ٹی آئی‘ورکشاپ علاقوں میںبھی نظر آئیںگے۔