ناندیڑ، 11 جولائی: (ورق تازہ نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات اور ضلع الیکشن افسر و ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے کی رہنمائی میں 087 ناندیڑ جنوبی اسمبلی حلقہ میں خصوصی جامع نظرثانی (Special Intensive Revision – SIR) پروگرام مؤثر انداز میں جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ہفتہ، 11 جولائی کو گردوارہ احاطہ اور دربار مسجد، صرافہ گلی میں خصوصی کیمپوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ووٹر رجسٹریشن افسر و سب ڈویژنل افسر ڈاکٹر سچن کھلاّل اور اسسٹنٹ ووٹر رجسٹریشن افسر و تحصیلدار سنجے وارکڑ نے کیمپوں کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران، ملازمین اور بی ایل اوز کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اہل ووٹروں تک پہنچنے پر زور دیا۔گردوارہ میں منعقدہ کیمپ کے دوران ڈاکٹر سچن کھلاّل نے چند ووٹروں کے Enumeration Form بی ایل او ایپ کے ذریعے خود بھروا کر اس عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سماجی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے SIR مہم کے بارے میں عوام میں وسیع پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی اپیل کی۔
اس کیمپ کو شہریوں کی جانب سے پُرجوش ردِعمل حاصل ہوا۔بعد ازاں دربار مسجد، صرافہ گلی میں امام صاحب، مسجد کے ذمہ داران اور سماجی کارکنوں کے ساتھ ایک نشست منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں SIR عمل سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ خصوصاً Anomaly سے متعلق ووٹروں کے ذہنوں میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کو تفصیل کے ساتھ دور کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ متعدد ووٹر اس سلسلے میں تذبذب کا شکار تھے، جنہیں مکمل رہنمائی فراہم کرتے ہوئے ان کے تمام سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔
اجلاس کے دوران عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے Enumeration Form مقررہ وقت کے اندر بھر کر جمع کرائیں۔ اس موقع پر امام صاحب نے یقین دہانی کرائی کہ مسجد کے ذریعے بھی SIR پروگرام کے تعلق سے عوامی بیداری مہم چلائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل ووٹر اس عمل میں شریک ہو سکیں۔ضلع انتظامیہ نے تمام اہل ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ SIR مہم میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے اپنے Enumeration Form بروقت جمع کرائیں اور اپنے علاقوں میں بھی اس سلسلے میں عوام کو بیدار کریں۔