ناندیڑ:2ستمبر(ورق تازہ نیوز) ریت کی چوری کرکے حکومت کے محصول کو ڈوبانے والے افرادسے دو لاکھ روپے کی رشوت لینے کے بعد بلولی کے ڈپٹی کلکٹر سمیت دو خانگی افراد کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو نے مقدمہ درج کرکے ایک فرد کو گرفتار کیا ہے ۔بلولی سب ڈویژنل دفتر میں ڈپٹی کلکٹر کے عہدہ پرامول سنہہ بھوسلے براجمان ہے ۔یہ ڈویژن تیلنگانہ علاقہ سے منسلک ہے اور تیلنگانہ سے بہنے والی ندی کے کنارے سے بڑے ریت گھاٹ ہے ۔جہاں پر تیلنگانہ کے گتہ داروں کاقبضہ ہے ۔
چند روز قبل بلولی کے کونسلر پوار کی دو گاڑیوں کو محصول محکمہ نے ریت چوری کے الزام میں پکڑا تھا ۔ان گاڑیوں کودوبارہ حاصل کرنے کیلئے تحصیل دفتر کے ڈپٹی کلکٹر امول سنہہ بھوسلے سے بھی ربط قائم کیا لیکن بات نہیں بنی اسلئے معاملہ رشوت تک پہنچ گیا ۔ان گاڑیوںکو چھوڑنے کےلئے امول سنہہ نے دو لاکھ روپے کی رشوت مانگی ہے اس طرح کی شکایت 30اگست کواینٹی کرپشن بیورو ناندیڑ کے پاس داخل کی گئی۔متعلقہ محکمہ نے شکایت کی جانچ پڑتال کی اوراطمینان ہوگیا کہ رشوت کامطالبہ کیاگیا جس کے بعد 31گست کو بس اسٹانڈ کے احاطہ میں جال بچھایا گیا ۔
دو لاکھ روپے کی رشوت قبول کرنے والے خانگی شخص شیام کمار سائی بابو پوشینگ کو اے سی بی نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے ۔اس معاملے میں بلولی کے ڈپٹی کلکٹر امول سنہہ بھوسلے عمر 37 سال ‘شیا م کمار پوشنگ اور دیگر ایک خانگی شخص شرینواس ستئیہ نارائن کے خلاف بلولی پولس اسٹیشن میں جرم نمبر 210/19کے تحت رشوت خوری کامقدمہ درج کیاگیا ہے ۔ شیام کمار کوگرفتار کرلیاگیا ہے اورعدالت میں پیش کرنے پر 3ستمبر تک پولس کسٹڈی ریمانڈ میں بھیجا گیا ہے ۔جبکہ ڈپٹی کلکٹر بھوسلے اوردوسرا خانگی شخص فرار ہے ۔ معاملے کی تفتیش ڈی واے ایس پی پرشانت سنپتے کررہے ہیں ۔