ناندیڑ:پولس کی مبینہ مارپیٹ میں نوجوان سیدببلو کی موت

ناندیڑ:15اکتوبر۔(ورق تازہ نیوز) اونڈھا ناگناتھ کے جولابازار کے مسلم نوجوان سید ببلو سید حبیب کی پُراسرار موت کا معاملہ ناندیڑ شہر میں موضوع بحث بنا رہا۔ مقتول سید حبیب کے اہل خانہ کے مطابق پولیس کی زیادتی اور پٹائی کے سبب اس کی موت ہوئی، اور اب اس معاملے کوپولیس رفعہ دفعہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ معاملہ کی اطلاع جیسے ہی صابر چاﺅش کو ملی وہ فوراً اہل خانہ کی مدد کے لئے ناندیڑ کے سرکاری اسپتال پہنچ گئے۔ صابر چاﺅش نے پولیس افسران سے معاملہ کی تفتیش کرنے کے بعد اس معاملے میں سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق مقتول سید ببلو سید حبیب (پیشہ مزدور ، ساکن جولا بازار ، تعلقہ اونڈھا ، ضلع ہنگولی) اپنے زخموں کی تاب نہ لاکر 13اکتوبر کو فوت ہوگیاتھا۔ مقتول سید حبیب کے اہل خانہ کے مطابق3اکتوبر کے روز پولیس اسے گھر سے لے گئی اور اس کی پٹائی کی ۔ 4اکتوبر کے روز سید حبیب گھر لوٹا ، اس جسم پر شدید مارپیٹ کے نشان تھے ، ابتدائی طور پر اسے علاج کےلئے دواخانہ منتقل کیاگیا ، لیکن بعد ازاں 13 اکتوبر کے روز اس کی موت واقع ہوگئی ۔ اس سلسلہ میں سید حبیب کے اہل خانہ نے جولابازار پولیس اسٹیشن کا رخ کیا جہاں مقدمہ درج نہ کرنے کی صورت میں انہوںنے نعش کو وہیں چھوڑ دیا۔ جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی ، اور سید حبیب کی نعش کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے ناندیڑ سرکاری اسپتال لایاگیا۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ پولیس اس معاملے میں جانبدارانہ طور پر کارروائی کررہی ہے ۔تادم تحریر معاملے میں پوسٹ مارٹم کی کارروائی جاری رہی۔ پاپولرفٹ آف انڈیا کے ذمہ داران نے بھی اس معاملے پر نمائندگی کی ، تنظیم کے ذمہ داران نے موقع پر پہنچ کر اس معاملے میں پولیس کو سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں