ناندیڑ:موبائل سارقین کی ٹولی گرفتار‘چار معاملات کاانکشاف، 20 موبائل ضبط

ناندیڑ:18 جون ( ورقِ تازہ نیوز) شہریان کے موبائل چھین لینے والے سارقین کی ٹولی کو لوکل کرائم برانچ کی ٹیم نے حراست میں لیا ہے۔ ان سارقین سے تفتیش کے دوران سرقہ کے چارمعاملات کا انکشاف ہواہے۔ جبکہ پولیس نے ان کے پاس سے 2 لاکھ 73 ہزار روپئے مالیتی 20 موبائل ضبط کیے ہیں۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوکاٹے نے اس کارروائی پر ایل سی بی ٹیم کی ستائش کی ہے۔ واضح رہے کہ شہر و ضلع میں مختلف علاقوں سے شہریان کے موبائل چھین کر فرار ہونے کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سلسلے میں کئی شکایات پولیس کو موصول ہوئی ہیں۔ موبائل سارقین کو تلاش کرنے کے ہدایت ایل سی بی کے پولیس انسپکٹر دُوارکاداس چکھلی کر نے دیئے تھے۔ ایل سی بی کی ٹیم کو 18 جون کو مور چوک میں چند مشتبہ افراد پرانے موبائل فروخت کرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ جس پر مذکورہ ٹیم نے فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ کر کملیش سریش واگھمارے ( 23 سال، ساکن ایکتا نگر،ناندیڑ) و کپل اشوک کدم ( 26 سال، ساکن واڑی روڈ ایکتا نگر، ناندیڑ)، ان دونوں کو حراست میں لیا۔ پولیس نے ان سارقوں کو اعتماد میں لے کر تفتیش کی تو انہوں نے سرقہ کی چار وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

پولیس نے ان کے قبضہ سے مختلف کمپنیوں کے مہنگے 20 موبائل مالیت 2 لاکھ 73 ہزار روپئے ضبط کرلیے۔ مذکورہ جرائم میں ان دو سارقوں کے ساتھ دیگر دو لڑکے شامل ہونے کی بات انہوں نے کہی ہے۔ ضبط شدہ 20 موبائلوں کے منجملہ 16 موبائل کے اصل مالک اب تک نہیں ملے ہیں۔ جن لوگوں کے موبائل چوری ہوگئے ہیں وہ بھاگیہ نگر پولیس اسٹیشن میں جاکر موبائل کا آئی ایم آئی کوڈ چیک کرسکتے ہیں اور اس کے بعد فریاد داخل کی ہوئی نقل دکھا کر واپس لے سکتے ہیں۔

اس طرح کی اپیل پولیس نے کی ہے۔ دریں اثناء ہفتہ واری بازار سے بڑے پیمانے پر موبائلوں کی چوری ہوئی ہیں۔ خواتین اور ضعیف شہریان کے ہاتھوں سے موبائل چھین کر فرار ہونے کی وارداتیں بھی رونما ہوچکی ہیں۔ تاہم اب موبائل سارقین کی ٹولی کو پکڑنے کی وجہہ سے ان سے تفتیش کے دوران مزید کئی جرائم کا انکشاف ہوسکتا ہے۔

موبائل سارقین کی ٹولی میں مزید کتنے افراد شامل ہیں ، اس کا بھی انکشاف ہونے کا امکان ایل سی بی نے ظاہرکیا ہے۔ اس کارروائی پر ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوکاٹے، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار نے ایل سی بی کی ٹیم کی ستائش کی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading