ناندیڑ:مقتول بزنس مین سنجے بیانی کے قتل سے متعلق گمنام خط موصول!

ناندیڑ:12اپریل ( ورقِ تازہ نیوز) شاردا نگر علاقہ میں معروف بزنس مین سنجے بیانی کے قتل کے تقریباً آٹھ دن بعد اُن کے گھر پر ایک گمنام خط موصول ہواہے، جس میں اُن کے قتل کے بارے میں معلومات دینے کی کوشش کی گئی۔ خط روانہ کرنے والے نے اس میں اپنا نام درج نہیں کیا ہے۔ پولیس اس بات کا پتہ لگارہی ہے کہ آیا اس خط میں تحریر معلومات صحیح ہے یا پھر پولیس کو گمراہ کرنے کی سازش۔

واضح رہے کہ آٹھ روز قبل تعمیراتی بزنس مین سنجے بیانی کو اُن کے رہائش گاہ کے باہر نامعلوم قاتلوں نے اندھا دُھند فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ جس کے بعد بشمول ناندیڑ ضلع پورے مہاراشٹر میں ہلچل مچ گئی تھی۔ قتل کی واردات کو پیش آئے تقریباً آٹھ روز ہوچکے ہیں، تاہم اب تک پولیس کو قاتلوں کا سراغ لگانے میں کامیابی نہیں ملی ہے۔ تاہم آج 12اپریل کو سنجے بیانی کے گھر پر ایک گمنام خط موصول ہوا۔ مذکورہ خط ہندی زبان میں لکھا گیا ہے۔ جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ ” سنجے بیانی کو قتل کرنے کا منصوبہ پربھنی میں بنایا گیا ہے۔“ اسی طرح خط میں دیگر معلومات بھی تحریر کی گئی ہے۔

خط میں مبہم انداز میں تاریخ وغیرہ لکھی گئی ہے۔ مذکورہ خط کے سنجے بیانی کے گھر پر موصول ہونے کے بعد خوف و ہراس میں مبتلا اُن کے افرادِ خانہ مزید پریشان ہوگئے ہیں۔ فی الحال ناندیڑ پولیس نے سنجے بیانی کے مکان کے اطراف پولیس کا سخت بندوبست کیا ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ خط میں درج معلومات صحیح ہے یا پھر پولیس کو گمراہ کرنے کی سازش۔

Leave a comment