ناندیڑ، 12 ستمبر :(ورق تازہ نیوز/)-علاقائی موسمیات مرکز ممبئی کی 12 ستمبر 2025 کو جاری کردہ اطلاع کے مطابق ناندیڑ ضلع کے لیے 13 ستمبر 2025 ایک دن کے لیے نارنگی (Orange) الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اسی طرح 12، 14، 15 اور 16 ستمبر 2025 ان چار دنوں کے لیے پیلا (Yellow) الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 13 ستمبر کو ضلع میں کچھ مقامات پر تیز آندھی چلنے، بجلی کڑکنے اور بادل گرجنے کے ساتھ موسلا دھار سے انتہائی موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ 12 ستمبر کو بھی ضلع میں کچھ مقامات پر 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے، بجلی کڑکنے اور بادل گرجنے کے ساتھ موسلا دھار بارش برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح 14، 15 اور 16 ستمبر کو بھی ضلع میں کچھ مقامات پر 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے، بجلی کڑکنے اور بادل گرجنے کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔
اس قدرتی آفت کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں اور عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل ضلع انتظامیہ نے کی ہے۔

یہ کام کریں:
1. بجلی کڑکنے کے ساتھ بارش کی پیشگی اطلاع ہو تو باہر جانے سے پرہیز کریں۔ اگر کھلے میدان میں ہوں اور قریب کوئی محفوظ عمارت نہ ہو تو نشیبی جگہ پر جا کر گھٹنے موڑ کر سر جھکا کر بیٹھ جائیں۔
2. آسمان پر بجلی کڑک رہی ہو تو گھر یا کسی محفوظ عمارت میں پناہ لیں۔ بالکنی، چھت یا گھر کے باہر کے اوٹلے پر مت رکیں۔
3. اگر آپ گھر میں ہیں اور برقی آلات چل رہے ہیں تو انہیں فوراً بند کر دیں۔
4. تاروں کی باڑھ، بجلی کے کھمبوں اور دیگر لوہے کی چیزوں سے دور رہیں۔
5. اگر پانی میں کھڑے ہوں تو فوراً باہر نکل جائیں۔
یہ کام نہ کریں:
1. آسمان پر بجلی کڑک رہی ہو تو لینڈ لائن فون کا استعمال نہ کریں، نہ ہی شاور کے نیچے غسل کریں۔ نلکے، پائپ لائن یا کسی برقی آلے کو ہاتھ نہ لگائیں۔
2. آندھی اور بجلی کڑکنے کے دوران لوہے کی چھت یا ڈھانچے والے شامیانے یا شیڈ میں پناہ نہ لیں۔
3. اونچے درخت کے نیچے پناہ نہ لیں۔
4. لوہے کے بنے اونچے ٹاور کے قریب مت کھڑے ہوں۔
5. اگر آپ گھر میں ہوں تو کھلے دروازے یا کھڑکی سے بجلی گرنے کا منظر نہ دیکھیں۔ یہ باہر رکنے جتنا ہی خطرناک ہے۔