ناندیڑ، 11 دسمبر —(ورق تازہ نیوز)پولیس اسٹیشن شیواجی نگر نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے دو موٹرسائیکل چوری کے جرائم بے نقاب کیے اور ایک ہی ملزم سے 50 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا۔ آپریشن فْلش آؤٹ کے تحت پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب اویناش کمار کی ہدایات پر 11 دسمبر کو شیواجی نگر پولیس ٹیم پٹرولنگ پر تھی، اسی دوران خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص چوری کی موٹرسائیکل فروخت کرنے کے ارادے سے شراوستی نگر میں موجود ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشکوک حالت میں موجود شخص کو حراست میں لیا جس نے اپنا نام سلمان خان نعیم خان (عمر 22 سال، سکنہ تہرانگر، ناندیڑ) بتایا۔ موٹرسائیکل کی ملکیت سے متعلق پوچھ گچھ پر ملزم نے اعتراف کیا کہ یہ گاڑی رامانند نگر سائی مندر سے چوری کی گئی ہے۔ مزید تفتیش میں ملزم نے مگنپورہ، ناندیڑ سے چوری ہونے والی ایک اور موٹرسائیکل بھی برآمد کرائی۔
پولیس نے دونوں گاڑیوں کی مجموعی مالیت 50 ہزار روپے بتاتے ہوئے انہیں قبضے میں لیا۔ ریکارڈ کی جانچ میں سامنے آیا کہ دونوں موٹرسائیکلوں سے متعلق مقدمات پہلے ہی پولیس اسٹیشن شیواجی نگر میں درج تھے۔ کارروائی میں پولیس انسپکٹر راجیش پوری، ہیڈ کانسٹیبل پدم سنگھ کامبلے، انل جھانبے، کانسٹیبل بالاجی یادگیرواڑ سمیت دیگر اہلکار شامل تھے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے پوری ٹیم کی اس کامیاب کارروائی پر تعریف کی ہے