ناندیڑ:بیوی پر چاقو سے حملہ کرنے کے بعد شوہر کی خودکشی

ماہور:4جون (ورقِ تازہ نیوز) میاں بیوی کے تنازعہ میں بیوی کو چاقو سے حملہ کرنے کے بعد شوہر نے زہریلی دوا پی کر خودکشی کرلی۔ یہ واردا ت ناندیڑضلع کے ماہور تعلقہ کے کسارپیٹھ میں پیش آئی۔ تفصیلات کے مطابق کسارپیٹھ کے ولاس گلاب جادھو (32سال) اور اس کی بیوی نشا ولاس جادھو ( 29 سال)، یہ دونوں جمعرات 2 جون کو کسارپیٹھ علاقہ میں واقع ایک کھیت میں کام کرنے کے لیے گئے تھے۔ اس مقام پر صبح ساڑھے آٹھ تا نو بجے کے درمیان دونوں کے درمیان کسی بات پر تنازعہ ہوگیا۔

اس وقت ولاس گلاب جادھو نے کھیت میں کام کرنے کے لیے لائے گئے تیز دھار ہتھیار سے اپنی بیوی نشا ولاس جادھو پر حملہ کردیا۔ کھیت میں موجود دیگر کاشتکاروں نے جیسے ہی حملہ کرتے ہوئے دیکھا وہ فوری طور پر یہاں پہنچ گئے اور کسی طرح زخمی نشا ولاس جادھو کو اسپتال میں داخل کیا۔ اس کا علاج چل رہا ہے۔ دریں اثناءولاس جادھو نے راہِ فرار اختیار کرتے ہوئے اپنے پاس موجود زہریلی دوا پی لی ۔ اس کی نعش 3 جون کی صبح توڑا تانڈا کے پاس ایک نالے میں دستیاب ہوئی ہے۔ نعش کو دیکھ کر قیاس لگایا جارہا ہے کہ اُس نے زہریلی دوا پی کر خودکشی کی ہے۔ اس معاملہ میں سندھ کھیڑ پولیس نے اتفاقی موت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ جائے مقام پر سب انسپکٹر بھال چندر تڑکے، پوہیکا، گجانن کمرے، پولیس کانسٹبل پٹھان و موکلے نے پہنچ کر نعش کو وائی بازار کے پرائمری ہیلت سینٹر میں پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading