پدوچیری، 21 اکتوبر (یو این آئی) پدوچیری کے وزیر اعلیٰ وی نارائن سامی نے بدھ کے روز کہا کہ انہوں نے مرکزی حکومت سے آن لائن گیم ایپ ’رمی‘ پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی ہے۔ مسٹر نارائن سامی نے یہاں پولیس میموریل ڈے پر منعقد تقریب کے دوران صحافیوں سے کہا کہ یہاں سے قریب کھورکاڈ میں رواں ہفتے کے آغاز میں 39 برس کے ایک شخص کوآن لائن گیم رمی کھیلنے سے 40 لاکھ کا نقصان ہو گیا جس کے بعد اس نے خود کشی کر لی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد اور اس سے پہلے بھی انھیں مرکز کے زیر انتظام علاقے میں آن لائن رمی پر پابندی عائر کرنے کے سلسلے میں کئی تجویز موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہاں آن لائن لاٹری پر پابندی عائد کرنے کی کوشش کی ہے اور اس سلسلے میں کئی افراد گرفتار ہوئے بھی ہوئے ہیں۔ مسٹر نارائن سامی نے کہا کہ ریاستی حکومت کے پاس آن لائن رمی پر پابندی عائد کرنے کے اختیارات نہیں ہیں لہٰذا انہوں نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر قانون و انصاف روی شنکر پرساد کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی حکومت کی کوششو سے ’بلو وہیل‘ پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔