ممبئ :مہاراشٹر میں بی جے پی کے لیے پریشانیاں بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کیونکہ سینئر لیڈر ایکناتھ کھڈسے نے پارٹی کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔ کھڈسے کا یہ قدم بی جے پی کے لیے کافی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ کھڈسے ریاست میں اپنی ایک علیحدہ شناخت رکھتے ہیں اور ان کے اس قدم سے کئی بی جے پی کارکنان بھی پارٹی سے الگ ہو جائیں گے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بی جے پی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڈسے بہت جلد این سی پی کا دامن تھام سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی لیڈر جینت پاٹل نے کہا کہ جمعہ کو کھڈسے شرد پوار کی موجودگی میں دوپہر دو بجے این سی پی میں شامل ہوں گے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ایکناتھ کھڈسے نے اپنا استعفیٰ آج مہاراشٹر بی جے پی صدر چندرکانت پاٹل کو بھیج دیا ہے۔ انھوں نے ریاستی صدر کو لکھے خط میں کہا ہے کہ وہ پارٹی کے سبھی عہدہ سمیت پرائمری رکنیت سے بھی استعفیٰ دے رہے ہیں۔ استعفیٰ کی وجہ انھوں نے نجی بتائی ہے۔