ممبئی، 12 اگست 2025 – مہاراشٹر پولیس فورس میں تقریباً 15 ہزار کانسٹیبلز کی بھرتی کی منظوری آج ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں دی گئی۔ اس میٹنگ کی صدارت وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کی۔ اس بھرتی میں سنہ 2022 اور 2023 میں مقررہ عمر کی حد پار کرچکے امیدواروں کو بھی ایک بار کے خصوصی موقع کے طور پر درخواست دینے اور بھرتی کے عمل میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔ریاستی پولیس فورس میں سنہ 2024 میں خالی رہنے والی اور 2025 میں خالی ہونے والی اسامیوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ بھرتی کی جا رہی ہے۔ بھرتی کی تفصیل درج ذیل ہے:
پولیس کانسٹیبل: 10,908
پولیس کانسٹیبل ڈرائیور: 234
بینڈ مین: 25
مسلح پولیس کانسٹیبل: 2,393
جیل کانسٹیبل: 554
پولیس کانسٹیبل اور جیل کانسٹیبل کی اسامیاں گروپ ’ک‘ زمرے میں آتی ہیں اور ان کی بھرتی ضلع سطح پر کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے OMR (آپٹیکل مارک ریکگنیشن) پر مبنی تحریری امتحان لیا جائے گا۔بھرتی کے لیے درخواستیں طلب کرنا، جانچ پڑتال، عمل درآمد، جسمانی امتحان اور اس کے بعد اہل امیدواروں کا تحریری امتحان لینے سمیت تمام متعلقہ اختیارات ٹریننگ و اسپیشل یونٹس ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو دینے کی منظوری بھی کابینہ میں دی گئی۔
ریاست میں قانون و نظم و نسق قائم رکھنے کے لیے کانسٹیبل کے عہدے کو نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔ اسامیاں خالی رہنے پر پولیس پر کام کا بوجھ بڑھتا ہے۔ پولیس فورس اور جیلوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ بھی وقتاً فوقتاً ہدایت دیتی رہی ہیں کہ یہ اسامیاں بروقت بھری جائیں۔